ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اقدامات کاسلسلہ جاری

ہفتہ 28 نومبر 2020 13:57

ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اقدامات کاسلسلہ جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2020ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اقدامات کی بدولت ٹیکس گزاروں کو ٹیکس قوانین کی تعمیل میں آسانی میسر آئے گی۔ہفتہ کویہاں جاری بیان میں ترجمان ایف بی آر نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ٹیکس کے شعبہ میں انقلابی نوعیت کے اقدامات کا آغاز کردیاگیاہے،اس ضمن میں ایف بی آر نے پرال کے اشتراک سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے مینوفیکچررز ، جن کا ٹرن اوور پانچ کروڑ تک ہے ، کی آسانی کے لئے ایک صفحہ پر مشتمل انکم ٹیکس گوشوارہ متعارف کیا ہے جس سے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز مستفید ہو سکتے ہیں۔

یہ گوشوارہ آئرس پورٹل پر دستیاب ہے۔ گوشوارہ میں ٹیکس سال 2020 کے لئے اہل ٹیکس گزار کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ڈیٹا کا اندراج کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر نے پرال کے اشتراک سے آئرس نظام کو اپ گریڈ کیا ہے جس کے تحت ٹیکس افسر کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کی اطلاع اب ٹیکس گزاروں کو ان کے ای میل ایڈریس اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی فراہم کی جائے گی۔

اس سے پہلے ٹیکس گزاروں کو آئرس پورٹل پر لاگ ان ہونے کے بعد نوٹسز کے جاری ہونے کا علم ہوتا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر نے معلومات ٹیکس رے سسٹم متعارف کیا ہے جو کہ اب ٹیکس آسان ایپ پر بھی دستیاب ہے۔ اس محفوظ ایپ کے ذریعے ٹیکس گزار معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے مزید سہولتی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ ٹیکس گزاروں کو ٹیکس قوانین کی تعمیل میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔