حکومت ٹیکس ریٹس کم کر کے دو سال کے ٹیکس آڈٹ سے استثنیٰ دے‘پیففا

حکومت نے ریلیف نہ دیا تو ہزاروں فریٹ فارورڈرز اور عملہ بیروزگار ہو جائیگا‘ چیئرمین الیاس چوہدری

پیر 30 نومبر 2020 12:07

حکومت ٹیکس ریٹس کم کر کے دو سال کے ٹیکس آڈٹ سے استثنیٰ دے‘پیففا
کراچی /سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین الیاس چوہدری نے کہا ہے کہ ہزاروں فریٹ ممبران ابھی کورونا کی پہلی لہر سے سنبھل نہیں پائے کہ دوسر ی لہربھی خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے ، فریٹ فارورڈز ٹیکس ادا کرنے والے حکومت کے پارٹنرز ہیں اس لئے مطالبہ ہے کہ حکومت ہماری سرپرستی کرے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جمیل احمد،علی عدنان،صہیب زیدی، توقیر ملک، اصغر ملک شکیل احمد اوردیگر عہدیدران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹیکس ریٹس کم کئے جائیں اوردوسال کے آڈٹ سے استثنیٰ دیا جائے ، بلاسود شرائط قرضے دیئے جائیں تاکہ کاروبار زندگی چلتا رہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھاکہ ان کی حکومت ٹیکس ریٹس کم کرے گی لیکن ابھی اس جانب کوئی پیشرفت نہیں کی گئی بلکہ اس کے برعکس دوسال میں ٹیکس ریٹس کئی گنا بڑھ چکے ہیں اور ابھی تک کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آرہی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو 6ارب روپے سالانہ ٹیکس ادا کرتے ہیں اس لئے مشکل کی اس گھڑی میں حکومت ہماراہاتھ تھامے اور ہمارے مطالبات کو زیر غور لایا جائے ۔اگرحکومت نے ریلیف نہ دیا تو ہزاروں فریٹ فارورڈرز اورعملہ بیروزگار ہو جائے گا۔