وفاقی حکومت کا چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کے قواعد میں تبدیلی کا فیصلہ

نئے چیئرمین اوگرا کے لیے بالائی عمر کی حد 61 سال جبکہ ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ روپے ہوگی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 30 نومبر 2020 22:41

وفاقی حکومت کا چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کے قواعد میں تبدیلی کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2020ء) وفاقی حکومت نے چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کے قواعد میں تبدیلی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے اوگرا چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے قواعد میں تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئے قواعد کے مطابق نئے چیئرمین اوگرا کے لیے عمر کی کم از کم 57 سال کی حد کی شرط ختم کردی گئی ہے ۔ نئے چیئرمین اوگرا کے لیے اب بالائی عمر کی حد 61 سال ہوگی ۔

جبکہ نئے قواعد کے مطابق چیئرمین اوگرا کی اب ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ روپے ہوگی ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے چیئرمین اوگرا کی تعیناتی اسپیشل پروفیشنل پے اسکیل پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئے قواعد کے مطابق چیئرمین اوگرا کے لیے تعلیمی قابلیت کم سے کم ماسٹر ڈگری رکھی گئی ہے جبکہ عہدے کے لیے 20 سالہ تجربہ بھی درکار ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین اوگرا کی تعیناتی 4 سال کے لیے ہوگی، جبکہ صرف پاکستانی شہریت کا حامل شخص ہی چیئرمین اوگرا کے عہدے پر تعینات کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ چیئرمین اوگرا کا عہدہ 17 جولائی 2020 سے خالی پڑا ہے۔ جس کے باعث حکومت نے نئے چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کے متعلق قواعد طے کیے ہیں ۔