شہر قائد کے تمام شادی ہالز میں بوفے اور ٹیبل سروس پر پابندی عائد

مہمانوں کو کھانا ڈبوں میں پیک کر کے دیا جائے گا، کراچی انتظامیہ کی جانب سے گائیڈ لائنز جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 30 نومبر 2020 23:44

شہر قائد کے تمام شادی ہالز میں بوفے اور ٹیبل سروس پر پابندی عائد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2020ء) شہر قائد کے تمام شادی ہالز میں بوفے اور ٹیبل سروس پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کراچی کے تمام شادی ہالز میں بوفے اور ٹیبل سروس پر پابندی عائد کردی، مہمانوں کو صرف باکسز کے ذریعے کھانا پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت میرج ہالز ایسو سی ایشنز کے عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ون اسد علی خان اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل اعجاز حسین رند اور ایسوی ایشن کے صدر رانا رئیس احمد و دیگر نے شرکت کی۔ کمشنر کراچی نے وفد کو کرونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرانے پر زور دیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے وضاحت کی کہ اب شادی ہالز میں ٹیبل سروس اور بوفے کی اجازت نہیں ہوگی، مہمانوں کو کھانا صرف باکسز کے ذریعے پیش کیا جاسکے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ یقینی بنائیں کہ ایس او پیز پر پوری طرح عملدرآمد ہو، جو میرج ہالز عمل نہ کریں ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔