گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کے قتل میں قریبی رشتے دار ملوث نکلا

معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے قتل کی واردات میں اس کی ہی بیوی کا بھائی ملوث نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 1 دسمبر 2020 00:43

گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کے قتل میں قریبی رشتے دار  ملوث نکلا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2020ء) معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت میں معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے قتلکی واردات میں بیوی کا بھائی ہی ملوث نکلا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول عبدالوحید اپنی بیوی سے لڑتا جھگڑتا رہتا تھا جس کا اس کی بیوی کے بھائی کو دکھ تھا ۔

مقتول عبدالوحید کے سالے دین عباس نے اپنے دوست ارسلان رضا کے ساتھ مل کر مقتول عبدالوحید کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔پولیس کے مطابق ملزم دین عباس اور ارسلان رضا قتل کی سنگین واردات کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔ ڈی ایس پی بادامی باغ محمد اکرم اور انچارج انویسٹی گیشن محمد نواز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ملزم کی بہن کا قتل میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا، اس کے بھائی نے اپنے طور پر بہنوئی کو قتل کیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے بادامی باغ میں گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کو قتل کردیا گیا تھا، جس کے قتل کا مقدمہ گلوکارہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شبنم مجید نے مقدمے میں مؤقف اپنایا تھا کہ میرے بھائی کو اس کے سالوں نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں ۔ جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے مقتول عبدالوحید کے سالے اور اس کے دوست گرفتار کرلیا ہے ۔