Live Updates

لاہور شہر میں 3 نئے میگا منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شیرانوالہ فلائی اوور، کریم بلاک انڈرپاس اور شاہکام چوک کی بہتری کے منصوبوں کی منظوری دے دی

muhammad ali محمد علی منگل 1 دسمبر 2020 01:00

لاہور شہر میں 3 نئے میگا منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 نومبر2020ء) لاہور شہر میں 3 نئے میگا منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر 3 نئے میگا منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شہر میں ٹریفک مسائل میں کمی کیلئے 3 مختلف منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

ایل ڈی اے کی جانب سے شہر کیلئے 9 مختلف منصوبوں کا پروپوزل پیش کیا گیا، جس میں سے 3 منصوبے منظور کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شیرانوالہ فلائی اوور، کریم بلاک انڈرپاس اور شاہکام چوک کی بہتری کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ 2 سال تک شہر میں سوائے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے، کوئی قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبہ بھی تاخیر سے مکمل ہوا۔

جبکہ اب شہر کے 3 مختلف اور مصروف ترین مقامات پر نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے،جن پر اربوں روپے کی لاگت آئے گی۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کا لاہور شہر کیلئے پہلا اہم منصوبہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کچھ روز قبل ہی عام ٹریفک کیلئے کھول گیا تھا۔ منصوبے کا افتتاح 5 مرتبہ ملتوی کیا گیا جس کے بعد گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انڈر پاس کا بالآخر افتتاح کیا۔ منصوبے پر کل 1 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی۔ پنجاب حکومت کا دعویٰ ہے کہ انڈر پاس کی تعمیر پر کروڑوں روپے کی بچت کی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات