جوبائیڈن نے اپنی معاشی ٹیم کا اعلان کردیا

جینٹ ییلن امریکا کی پہلی خاتون وزیرخزانہ ہونگی‘انتظامی اور بجٹ کے امور کے لیے بھارتی نژادنیرا ٹنڈن کا انتخاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 دسمبر 2020 12:53

جوبائیڈن نے اپنی معاشی ٹیم کا اعلان کردیا
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم دسمبر ۔2020ء) امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی معاشی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے امریکہ میں انتقالِ اقتدار کے متعلقہ محکمے نے گزشتہ ہفتے ہی بائیڈن کی باضابطہ طور پر کامیابی تسلیم کی تھی جس کے بعد نومنتخب صدر نے باقاعدہ طور پر انتقال اقتدار کا عمل شروع کر دیا تھا. آج بائیڈن نے وزیر خزانہ کے لیے فیڈرل ریزرو کی سابق سربراہ جینٹ ییلن کے نام کا اعلان کیا ہے امریکی محکمہ خزانہ کی 231 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہو گا جب ایک خاتون امریکہ کے محکمہ خزانہ کی قیادت کریں گی.

(جاری ہے)

بائیڈن نے انتظامی اور بجٹ کے امور سے متعلق محکمے کی ڈائریکٹر کے لیے بھارتی نژادنیرا ٹنڈن کا انتخاب کیا ہے سینیٹ سے ان کی منظوری کی صورت میں ٹنڈن پہلی ایشیائی امریکی خاتون ہوں گی جو اس عہدے کی سربراہی کریں گی ٹنڈن اس وقت سینٹر فار امریکن پروگریس نامی تنظیم کی صدر ہیں. نومنتخب صدر نے ویلی ایڈیومو کو وزیرخزانہ ییلن کا نائب مقرر کیا ہے وہ پہلی افریقی امریکن ہیں جو محکمہ خزانہ میں ییلن کے بعد عہدے میں دوسرے نمبر پر ہوں گی جو بائیڈن نے لیبر اکنانومسٹ سیسیلیا روز کو وائٹ ہاﺅس کونسل آف اکنامک ایڈوائزرز کی سربراہ نامزد کیا ہے وہ پہلی سیاہ فام خاتون ہوں گی جو یہ عہدہ سنبھالیں گی بائیڈن نے جیرڈ برسٹین اور ہیتھر بوشی کو اکنامک کونسل کا رکن منتخب کیا ہے.

جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں کورونا وائرس پر قابو پانا ہے جس کے لیے مذکورہ ٹیم فوری طور پر امریکی عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کام کرے گی اور معیشت کو پہلے سے بہتر ٹریک پر چلائے گی یاد رہے کہ 3نومبر کو صدارتی انتخاب کے بعد بائیڈن نے کرونا وائرس پر قابو پانے اور معیشت کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا تھا عالمی وبا سے امریکی کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ دو کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوئے ہیں جو بائیڈن کی کابینہ کے لیے بعض نام پہلے ہی سامنے آچکے تھے اور مزید نام سامنے آنا باقی ہیں.

اینٹنی بلنکن کو نومنتخب صدر نے امریکہ کا آئندہ وزیرخارجہ نامزد کیا ہے اور وہ بائیڈن کے معتمدخاص تصور کیے جاتے ہیں بلنکن اس سے قبل بھی خارجہ امور کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں وہ سابق صدر بل کلنٹن کے دور میں قومی سلامتی کونسل کے رکن جبکہ اوباما دور میں قومی سلامتی کے نائب مشیر رہ چکے ہیں جب جو بائیڈن سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین تھے تو اس وقت بلنکن کمیٹی کے اسٹاف ڈائریکٹر تھے.

بائیڈن الحاندرو مایورکاس کو امریکہ کا وزیرِ داخلہ نامزد کر چکے ہیں وہ امریکہ کے پہلے لاطینی نژاد تارکِ وطن وزیرداخلہ ہوں گے اسی طرح ایورل ہینز کو ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس اور جیک سولیون مشیر برائے قومی سلامتی ہوں گے جبکہ اپنی کمیونی کیشن ٹیم میں انہوں نے تمام عہدوں کے لیے خواتین کو نامزد کیاہے. وائٹ ہاﺅس کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے لیے کیٹ بیڈنگفیلڈ جب کہ ہلی ٹوبر کو کیٹ کا نائب نامزد کیا گیا ہے ہاﺅس اسپیکر نینسی پیلوسی کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر ایشلے ایٹنی کو کاملا ہیرس کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر نامزد کیا گیا ہے سیمون سینڈرز نائب صدر کاملا ہیرس کی سینئر مشیر اور مرکزی ترجمان کی حیثیت سے کام کریں گی جین ساکی کا انتخاب وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری کے لیے کیا گیا ہے سیاسی تجزیہ کار کیرن جین پیری بطور نائب جین ساکی کے ساتھ کام کریں گی.