کسانوں کا احتجاج،جسٹن ٹروڈو کے بیان پر مودی حکومت سیخ پا ہوگئی

کینیڈین وزیراعظم کا بیان کم علمی ،غیر ضروری ہے ،بہتر یہی ہے سفارتی بات چیت کو سیاسی ضرورت کیلئے توڑ مروڑ کر نہ پیش کیا جائے، بھارتی وزارت خارجہ

منگل 1 دسمبر 2020 22:40

کسانوں کا احتجاج،جسٹن ٹروڈو کے بیان پر مودی حکومت سیخ پا ہوگئی
ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بھارتی کسانوں کی حمایت سے متعلق بیان پر نریندر مودی کی حکومت سیخ پا ہوگئی۔کینیڈین وزیراعظم نے ایک بیان میں بھارتی کسانوں کے احتجاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کینیڈا بھارتی کسانوں کے پرامن احتجاج کے دفاع میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کینیڈا کسانوں کے معاملے پر بھارتی حکومت سے رابطے میں ہے۔کسانوں کی حمایت پر کینڈین وزیراعظم کا یہ بیان بھارتی حکومت کو بالکل پسند نہیں آیا اور فوری طور پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے کم علمی اور غیر ضروری قرار دے دیا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ سفارتی بات چیت کو سیاسی ضرورت کے لیے توڑ مروڑ کر نہ پیش کیا جائے۔بھارت میں نئے زرعی قوانین کیخلاف گزشتہ کئی روز سے ریاست پنجاب، ہریانہ، دلی، راجستھان اور اترپردیش کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔