بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کو قانونی قرار دینے کے لیے خیبرپختونخواہ اسمبلی میں قرارداد منظور

خیبرپختونخواہ اسمبلی میں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 دسمبر 2020 14:06

بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کو قانونی قرار دینے کے لیے خیبرپختونخواہ اسمبلی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2020ء) : خیبرپختونخواہ اسمبلی میں بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کو قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی میں بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کو قانونی قرار دینے کی قرارداد پیش کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس نے اسمبلی میں یہ قرارداد پیش کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ موجودہ ٹرینڈز کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہے کہ مستقبل میں ڈیجیٹل کرنسی پیپر کرنسی کی جگہ لے لے گی۔ دنیا بھر میں کئی بینکوں نے کرپٹو کرنسی کو نہ صرف رجسٹر کیا بلکہ کرپٹو کرنسیز جاری بھی کیں۔ اس کے علاوہ امریکہ سمیت کئی ممالک نے کرپٹو کرنسی کو متعارف کروانے اور اسے قانونی بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

متن میں کہا گیا کہ خیبرپختونخواہ حکومت ان تمام اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت سے درخواست کرے کہ ضروری قانون سازی کے بعد کرپٹو کرنسی کو متعارف کروانے کے بعد اسے باقاعدہ رجسٹر کروایا جائے۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں اس قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔ جس کے بعد پاکستان میں خیبرپختونخواہ اسمبلی ملک بھر میں کرپٹو کرنسی کو قانونی قرار دینے اور رجسٹرڈ کروانے کے مطالبے کی قرارداد منظور کروانے والی پہلی اسمبلی بن گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر سمیرا شمس نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں خیبرپختونخواہ اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے کی خبر دی اور کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ ساتھ ڈجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے ، انہوں نے ڈیجیٹل شعبے میں ضیاء بنگش اور فواد چودھری کی خدمات کو بھی سراہا۔