سعودیہ میں کئی دہائیوں سے مقیم پاکستانی کارکنوں نے ملک کا نام روشن کر دیا

قصیم کی بلدیہ میں 40 سال تک ملازمت کرنے والے پاکستانی ملازمین کو اعلیٰ اعزاز سے نواز دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 دسمبر 2020 14:24

سعودیہ میں کئی دہائیوں سے مقیم پاکستانی کارکنوں نے ملک کا نام روشن ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 دسمبر2020ء) سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو باعزت روزگار کما کر ایک جانب اپنے کنبے کی کفالت کر رہے ہیں تو دوسری جانب پاکستان کو بھی اربوں روپے سالانہ ترسیلات زر کی مد میں بھجوا رہے ہیں۔ اس سب کے ساتھ ساتھ سعودی مملکت کی تعمیر و ترقی میں بھی ان کا نمایاں کردار ہے جسے سعودی حکومت اور عوام بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

سعودی حکومت طویل عرصہ تک سرکاری محکموں میں شاندار خدمات انجام دینے والے تارکین کو وقتاً فوقتاً اعزازت سے نوازتی رہتی ہے۔ اس بار سعودی صوبے قصیم کی میونسپلٹی کی جانب سے متعدد پاکستانی ورکروں کو ان کی 40 سالہ خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ سعودی گزٹ کے مطابق 40 سال تک القصیم بلدیہ میں ملازمت کرنے اور شاندار کارکردگی پر متعدد پاکستانی کارکنوں کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں قصیم میونسپلٹی کے میئر محمد المجلی نے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی کارکنان کو خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ اس ملاقات کے دوران میئر محمد المجلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قصیم کی بلدیہ کے ملازمین کی حیثیت میں ان پاکستانی کارکنان نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔ چالیس سال تک اس علاقے کے عوام کی اپنی ڈیوٹی سے بھی بڑھ کر خدمت پر یہ پاکستانی کارکنان تعریف کے لائق ہیں۔

ہم ان کی مخلصانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستانی کارکنان نے اپنی خدمات کے اعزاز میں اس خصوصی تقریب کا انعقاد کرنے پر میئر محمد المجلی کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب میں گزارے گئے 40 سال سے زائد عرصے کو بہترین اور یادگار قرار دیا۔ پاکستانی کارکنان اپنی خدمات کے اعتراف میں اعزاز ملنے پر جذباتی ہو گئے اور سعودی فرمانرواؤں اور عوام کو بھی شاندار لفظوں میں سراہا۔