فرانس کا اسلامی ملک مالی پر حملہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

فضائی حملہ انٹلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کی بنا پر جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا، فرانس کا دعویٰ، مرنے والے عام شہری تھے: مقامی حکومت

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 6 جنوری 2021 21:36

فرانس کا اسلامی ملک مالی پر حملہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
مالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری2021ء) براعظم افریقہ میں واقع مسلم ملک مالی میں فرانس کے جنگی طیاروں نے شادی کی تقریب پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مالی کے دارالحکومت بماکو سے 600 کلومیٹر دور واقع گاؤں پر فرانس کے جنگی طیاروں نے حملے کیے ۔ فرانسیسی طیاروں کے حملے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 20 لوگ جاں بحق ہوئے ۔

اس حوالے سے فرانسیسی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملہ انٹلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کی بنا پر جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں شہریوں کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ جبکہ مقامی حکومت نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی طیاروں نے ایک ایسے گھر کو نشانہ بنایا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی اور مرنے والے گاؤں کے نہتے شہری تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مالی میں اقوام متحدہ کے مشن نے بھی گاؤں پر فضائی حملے کی تصدیق کی ہے تاہم کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی داعش نے مالی میں ایک کارروائی کے دوران فرانسیسی فوج کے 2 اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور فرانس کے اس فضائی حملے کو اپنے اہلکاروں کا بدلہ لینے کی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ البتہ فرانس کے اس اقدام پر مالی کی حکومت نے چپ سادھ رکھی ہے۔ اور ان کی جانب سے کسی بھی قسم کا جواب دینے کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔