نیب نے سعد رفیق کیخلاف لوکو موٹیو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا‘ذرائع

ڈی جی نیب نے تفتیشی ٹیم کی انکوائری بند کرنے کی سفارشی رپورٹ چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بھجوا دی

پیر 11 جنوری 2021 22:40

نیب نے سعد رفیق کیخلاف لوکو موٹیو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا‘ذرائع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2021ء) قومی احتساب بیورو (نیب )نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق کے خلاف لوکو موٹیو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے تفتیشی ٹیم کی انکوائری بند کرنے کی سفارشی رپورٹ چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بھجوا دی ہے جو اس کی حتمی منظوری دیں گے۔خواجہ سعد سمیت دیگر پر لوکو موٹیو مہنگے داموں خریدنے کے الزامات تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیب لاہور نے خواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی سے متعلق انکوائری بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ڈی جی نیب نے خواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی لیز پر دینے کی انکوائری بند کرنے کی سفارشات حتمی منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھیجی تھیں۔

(جاری ہے)

نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق پر ریلوے کی زمین من پسند افراد کو سستے داموں لیز پر دینے کا الزام تھا اور شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے لاہور والٹن روڈ اور یو ای ٹی پر اراضی 33 سال کے لیے لیز پر دلوائی۔

سعد رفیق نے ریڈمکو کے ذریعے یہ زمین من پسند کنٹریکٹرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے دی۔نیب ذرائع کے مطابق ریلوے نے جس کمپنی کو زمین لیز پر دی تھی انہوں سے سب سے زیادہ بولی لگائی اور خواجہ سعد رفیق پر جو الزام لگایا گیا کہ من پسند افراد کو زمین ٹھیکے پر دی وہ ثابت نہیں ہوتا۔