پاکستان کپ ، آصف علی نے 70 گیندوں پر سنچری سکور کرڈالی

نادرن کے بلے باز نے 17 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 127 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 جنوری 2021 15:35

پاکستان کپ ، آصف علی نے 70 گیندوں پر سنچری سکور کرڈالی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جنوری 2021ء ) ماضی قریب میں غیر تسلی بخش پرفارمنس کے بعد قومی ٹیم سے باہر ہونے والے مایہ ناز بلے باز آصف علی نے منگل کے روز پاکستان کپ میں سدرن پنجاب کے خلاف شاندار سنچری سکور کرڈالی ۔ پاکستان کپ میں ناردرن کی نمائندگی کرنے والے آصف علی نے 17 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے صرف 70 گیندوں میں 127 رنز بنائے اور نادرن کو مقررہ 50 اوورز میں 306 رنز کے سکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

لیگ سپنر زاہد محمود نے بالآخر آصف علی کو غلط شاٹ کھیلنے پر مجبورکیا اور ان کا کیچ مختار احمد نے کیا ۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر آصف علی کو قومی ٹیم میں پاور ہٹرز کی کمی کو دیکھتے ہوئے موقع دیا گیا تھا لیکن وہ اپنی ڈومیسٹک پرفارمنس کو انٹرنیشنل کرکٹ میں دہرانے میں ناکام رہے ۔ 29 سالہ آصف علی نے 18 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 27.76 کی اوسط سے 361 رنز بنائے ہیں جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ 25 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں انہوں نے محض 18.38 کی اوسط سے 331 رنز بنائے ہیں۔