اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کردیے گئے

جرائم کے بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث اسلام آباد کے 16 تھانوں میں ایس ایچ او تبدیل

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 14 جنوری 2021 23:51

اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کردیے گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) اسلام آباد پولیس نے شہر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کردیے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کے پیش نظر تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے 16 ایس ایچ اوز کو تبدیل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں چوری اور ڈکیتی کی کئی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، کچھ دن قبل اسلام آباد میں اے ٹی ایس اسکواڈ کی جانب سے فائرنگ کر کے 21 سالہ نوجوان اسامہ ستی کو قتل کردیا گیا تھا۔ اسامہ ستی کے قتل کے واقعے نے بھی اسلام آباد پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔ اس حوالے سے اسامہ ستی کے والد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کچھ دنوں سے ڈکیتیوں میں اضافہ ہو رہا تھا،امن و امان کی صورتحال بھی خراب تھی،اسامہ کے قتل کے پیچھے ممکنہ طور پر یہ وجہ ہو سکتی ہے کہ پولیس اہلکار عوام کو یہ دکھانا چاہتے ہوں کہ ہم ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنی بری کارگردگی کو چھپانے کے لیے انہوں نے ان کاؤنٹر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہو گی۔پولیس اہلکاروں نے منصوبہ بنایا ہو گا کہ ایک نوجوان کو مار کر ہم عوام کے سامنے یہ ظاہر کریں گے کہ ہم نے ان کاؤنٹر کیا ہے اور ایک ڈکیت کو مار دیا ہے۔انہوں نے سوچا ہو گا کہ ہمیں اب تمغے پہنائیں جائیں گے اور میڈیا پر ہماری واہ واہ ہو گی۔لیکن اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا،اللہ بچے کی شہادت کو دنیا کے سامنے لے آیا اور ملزمان کے سارے منصوبے ناکام ہو گئے۔