2 ماہ کی شادی کا بھیانک انجام

شوہر نے بیوی کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا، 26 سالہ لڑکی ہلاک، ملزم گرفتار کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 جنوری 2021 00:36

2 ماہ کی شادی کا بھیانک انجام
ممبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) 2 ماہ کی شادی کا بھیانک انجام، شوہر نے بیوی کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا، 26 سالہ لڑکی ہلاک، ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں پیش آیا ایک واقعہ پورا بھارت میں بحث کا باعث بن گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر ایک شخص نے اپنی بیوی کو چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ 26 سالہ خاتون اور اس کا شوہر ٹرین کے دروازے پر کھڑے ہوئے تھے جب ملزم نے بیوی کو دھکا دے کر ٹرین سے نیچے پھینک دیا۔ 31 سالہ ملزم اور اس کی 26 سالہ اہلیہ دونوں مزدور تھے اور دونوں کی شادی دو ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔ خاتون کی یہ دوسری شادی تھی، پہلی شادی سے اس کی ایک 7 سالہ بیٹی تھی۔ پولیس کی رپورٹ کے مطابق جوڑا ٹرین کی ایک کوچ کے دروانے پر کھڑا تھا اور وہاں موجود ایک پائپ کے ساتھ جھول رہا تھا کہ خاتون چلتی ٹرین کے باہر کی طرف لٹک گئیں۔

(جاری ہے)

اس وقت خاتون کے شوہر نے پہلے اسے پکڑا اور پھر مبینہ طور پر چھوڑ دیا جس کے بعد وہ ٹرین سے باہر پٹڑی پر جا گری۔ جب ٹرین اگلے اسٹیشن پر رکی تو ٹرین میں موجود ایک خاتون مسافر جس نے تمام واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا، اس نے ریلوے پولیس کو واقعے کی فوری اطلاع تھی۔ شکایت ملنے پر پولیس نے فوری حرکت میں آ کر ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر کو اسٹیشن پر ہی گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں پولیس اس جگہ پہنچی جہاں خاتون ٹرین سے نیچے گری تھی۔ خاتون کو زخمی حالت میں پا کر فوری ہسپتال لے جایا گیا، تاہم ہسپتال پہنچنے تک اس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص کیخلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔