چین نے کوروناوائرس سے متعلق تحقیق میں بہت تعاون کیا. عالمی ادارہ صحت کا اظہار تشکر

وائرس کی اصلیت کا سراغ لگانا وقت طلب اور پیچیدہ کام ہے‘جولائی میں مختلف ملکوں کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے ووہان کا دورہ کیا جس کا انتظام بیجنگ نے کیا تھا ‘ڈبلیوایچ او چین کے تعاون اور خدمات پر شکرگزار ہے. ڈبلیوایچ او کے ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ کی بریفینگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 17 جنوری 2021 15:11

چین نے کوروناوائرس سے متعلق تحقیق میں بہت تعاون کیا. عالمی ادارہ صحت ..
جنیوا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جنوری ۔2021ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیکل ریان نے ماہرین کے دورہ چین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے وائرس کی تحقیق پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس کی اصلیت کا سراغ لگانا وقت طلب اور پیچیدہ کام ہے تاہم چینی حکومت نے جس اندازمیں اس سلسلہ میں تعاون کررہی ہے اس پر عالمی ادارہ صحت چین کا خصوصی شکریہ گزار ہے.

نوول کورونا وائرس کے حوالے سے معمول کی میڈیا بریفنگ ڈبلیو ایچ او کے دوران ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ سال جنوری میں ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس کے دورہ چین کے بعد فروری میں ڈبلیو ایچ او کا ایک ورکنگ گروپ چین بھیجا گیا تھا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس دوران وائرس کے سراغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا گزشتہ سال مئی میں 73 ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں وائرس کے سراغ سے متعلق ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی.

انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کی ماہر ٹیم نے گزشتہ سال جولائی میں چین کا دورہ کیا تھا ٹیم میں متعدد ممالک سے بہترین ماہرین کو شامل کیا گیا ہے اس کا مقصد وائرس پھیلانے والے جانوروں کی کھوج ، صحت عامہ کا تحفظ اور مستقبل میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے سائنسی حل تلاش کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے بھرپور حمایت کی بدولت ماہر ٹیم کا حالیہ دورہ چین ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا کہ وائرس کا سراغ ایک پیچیدہ کام ہے اور حتمی جواب کا حصول نہایت کٹھن ہے. انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسی تحقیقی کوششوں میں بہت زیادہ وقت لگا ہے مائیکل ریان نے اس موقع پر چینی حکومت ، عوام اور صوبہ حوبے کے ووہان شہر کی جانب سے ماہر ٹیم کی پرجوش مہمان نوازی کو خاص طور پر سراہا.