راولپنڈی، 1050 ایکڑ رقبے پر دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم بنے گا

فلڈ لائٹس سے مزین سٹیڈیم میں ایک لاکھ 50 ہزار تماشایوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بارش کے باوجود بھی میچز ہو سکیں گے، فائیو سٹار ہوٹلز، جدید کمرشل ایریاز بھی تعمیر کیے جائیںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 جنوری 2021 15:42

راولپنڈی، 1050 ایکڑ رقبے پر دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم بنے گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2021ء ) راولپنڈی رنگ روڈ اکانومک کوریڈور پر 1050 ایکڑ رقبے پر پاکستان کا سب سے بڑا سپورٹس سٹی بنانے کی منظوری دی دی گئی ہے ۔ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ابتدائی مذاکرات ہوگئے ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں مذاکرات چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان ہوں گے۔

یہ سپورٹس سٹی اسلام آباد ایئرپورٹ سے 6 سے 8 کلومیٹر کے فاصلے پر اڈیالہ اور چکری انٹرچینج کے درمیان تعمیر کیا جائے گا ۔ جدید ترین کرکٹ سٹیڈیم کے لیے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی زمین فراہم کرے گی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سٹیڈیم تعمیر کرے گا ۔ فلڈ لائٹس سے مزین یہ پاکستان کا جدید ترین کرکٹ سٹیڈیم ہوگا جس میں ایک لاکھ 50 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی ۔

(جاری ہے)

اس جدید ترین کرکٹ سٹیڈیم میں بارش ہونے کے باوجود بھی میچز ہو سکیں گے ۔ سٹیڈیم کے ساتھ ساتھ اس ایریا میں فائیو سٹار ہوٹلز اور جدید کمرشل ایریاز بھی تعمیر کیے جائیں گے ۔ سپورٹس سٹی میں کرکٹ سٹیڈیم، ہاکی سٹیڈیم، بیڈمنٹن کورٹ، باکسنگ اور سوئمنگ پول بھی شامل ہوگا۔