سعودی عرب میں پھر سے کرونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا

مملکت میں یومیہ کیسز ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 226 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ

muhammad ali محمد علی بدھ 20 جنوری 2021 00:33

سعودی عرب میں پھر سے کرونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2021ء) سعودی عرب میں پھر سے کرونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل خلیجی خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں خوشخبری سنائی جا رہی تھی کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کو تقریباً شکست دے دی۔ سعودی عرب میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے یومیہ 200 سے کم کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے تھے۔ 7 دسمبر کے بعد سے مملکت میں کسی بھی دن 200 سے زائد کرونا کیسز رپورٹ نہیں ہوئے، جبکہ ایک ہفتہ قبل تک زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی 2 ہزار سے کم رہ گئی تھی۔

کچھ روز قبل مملکت میں برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے تھے تاہم اس کے باوجود ملک میں کرونا کیسز کم ترین سطح پر آگئے تھے۔ تاہم اب منگل کے روز سعودی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں ایک مرتبہ پھر کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

7 دسمبر کے بعد 19 جنوری کو پہلی مرتبہ سعودی عرب میں 200 سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 226 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئے۔ یوں مملکت میں اب تک 6 ہزار 355 افراد مہلک وبا کے باعث جاں بحق ہو چکے۔ جبکہ 156 مریضوں کی صحتیابی سے 97 فیصد یعنی 3 لاکھ 57 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے۔ اس وقت سعودی عرب میں کل 1 ہزار 986 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 327 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد عائد کرونا پابندیاں آہستہ آہستہ نرم کی جا رہی ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت رواں سال 31 مارچ سے کرونا سفری پابندیاں ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سعودی عرب میں 31 مارچ سے بین الاقوامی پروازیں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی، جبکہ اسی روز سے مملکت کی تمام زمینی اور سمندری سرحدیں بھی کھول دی جائیں گی۔