وزیر خارجہ سے کوسوو کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستان، کوسوو کیساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،امن و استحکام کیلئے سفارتی، اخلاقی و سیاسی معاونت جاری رکھیں گے،شاہ محمود قریشی خطے میں معاشی استحکام کے قیام کیلئے تنازعات کے پر امن حل کے حامی ہیں،خطے میں امن و امان کے قیام ،نہتے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت تک رسائی کیلئے عالمی برادری کی مسلسل توجہ مبذول کروا رہے ہیں، وزیر خارجہ کی گفتگو

بدھ 20 جنوری 2021 19:21

وزیر خارجہ سے کوسوو کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، کوسوو کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،کوسوو میں امن و استحکام کیلئے سفارتی، اخلاقی اور سیاسی معاونت جاری رکھیں گے،خطے میں معاشی استحکام کے قیام کیلئے تنازعات کے پر امن حل کے حامی ہیں،خطے میں امن و امان کے قیام ،نہتے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت تک رسائی کیلئے عالمی برادری کی مسلسل توجہ مبذول کروا رہے ہیں۔

بدھ کو کوسوو کے سفیر ایلیر ڈیگولی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، کوسوو کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کوسوو کو تسلیم کرنے اور سفارتی تعلقات کا قیام اس امر کا واضح ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم، کوسوو کی جانب سے،جدوجہد آزادی میں دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ دیکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، کوسوو میں امن و استحکام کیلئے اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی معاونت جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، خطے میں امن و امان کے قیام اور نہتے مظلوم کشمیریوں کو ان کے جائز حق، حق خودارادیت تک رسائی کیلئے بین الاقوامی برادری کی مسلسل توجہ مبذول کروا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، تنازعات کے پر امن حل کا حامی ہے تاکہ خطے میں معاشی استحکام قائم ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کوسوو کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے مسودے زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جس میں کوسوو کے موثر کاروباری حضرات کیلئے سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مزید وسعت ملے گی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوسوو کے سفیر ایلیر ڈیگولی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور کوسوو کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔