وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کا ضلع بونیر کا ایک روزہ دورہ

وزیراعظم عمران خان کی اقلیتوں کی ترقی کے لئے مربوط پالیسی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں، وزیرزادہ

جمعرات 21 جنوری 2021 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقلیتوں کی ترقی اور حقوق کے لئے مربوط پالیسی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ کرتار پور بارڈر کو کھولنا وزیراعظم کا اقلیتی کمیونٹی کے لئے محبت اور خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بونیر کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کیا، جہاں پر انہوں نے گوبند سنگھ کے 354 واں جنم دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت و خطاب بھی کیا ہے۔

اس موقع پر ایم پی اے روی کمار، ایم پی اے سردار رنجیت سنگھ اور وائس پریذیڈنٹ مرکزی اقلیتی ونگ گردیپ سنگھ بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ اپنے خطاب میں وزیر زادہ نے کہا کہ آج اقلیتی برادری کا ہر گوردوارے میں تہوار منانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہاں پر اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہیں، اور وہ پورے جذبے اور ولولے سے اپنے مذہبی رسومات بھرپور آزادی سے ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان صوبے میں اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام تر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں،۔ وزیراعلی محمود خان اقلیتوں کی مکمل مذہبی آزادی پر یقین رکھتے ہے، اور ان کی تمام تر حقوق کے تحفظ کے لئے نہ صرف اقدامات اٹھا رہے ہے بلکہ عملی طور پر اس پر عمل درآمد بھی کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرک میں حالیہ ٹیری سمادھی مندر واقع ایک ناخوشگوار واقعہ تھا، جو چند شرپسند عناصر کی وجہ سے رونما ہوا، لیکن وزیراعلی کی فوری ہدایت پر صوبائی حکومت نے بھروقت ایک تاریخی کاروائی کی جس میں تقریباً 110 سے زیادہ لوگ گرفتار ہوئے جن کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مندر واقعہ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر صوبائی حکومت کی بھر وقت کاروائی پر ہندو کمیونٹی کا اعتماد پہلے سے بھی زیادہ بحال ہوا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنی مثال آپ مکمل مذہبی آزادی حاصل ہیں، کیونکہ اقلیتی برادری اس ملک کے شہری ہیں اور اس ملک کی ترقی ان کی ترقی ہے۔ تقریب سے دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مندر واقعہ پر صوبائی حکومت کی بھروقت کاروائی پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس کے علاؤہ مقررین نے اقلیتوں کا خصوصی خیال رکھنے، سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں میں بھرتیوں کے لئے مختص کوٹے، اور ان کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے فلاحی کاموں کے اجراء پر بھی وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔