پی آئی اے نے افغانستان کیلئے پروازوں میں اضافہ کر دیا

قومی ائیر لائن کی جانب سے اسلام آباد سے کابل کیلئے ہفتہ وار 4 پروازیں چلائی جائیں گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 جنوری 2021 23:51

پی آئی اے نے افغانستان کیلئے پروازوں میں اضافہ کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2021ء) پی آئی اے نے افغانستان کیلئے پروازوں میں اضافہ کر دیا، قومی ائیر لائن کی جانب سے اسلام آباد سے کابل کیلئے ہفتہ وار 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق مشکلات کی شکار پاکستان کی قومی ائیرلائن مختلف طریقوں سے ادارے کے نقصان کم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفر کرنے والوں کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے اعلامیہ کے مطابق قومی ائیرلائن نے اسلام آباد سے افغان دارالحکومت کابل کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ اب سے ہر ہفتے اسلام آباد سے پی آئی اے کی کل 4 پروازیں کابل کیلئے اڑان بھریں گی۔ پی آئی اے نے افغانستان کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافے کے علاوہ اندرون ملک پروازوں کی تعداد میں بھی واضح اضافہ کیا ہے۔ کئی بین الاقوامی روٹس پر پابندی لگنے کے بعد پی آئی اے کی جانب سے مقامی روٹس پر زیادہ سے زیادہ پروازیں چلا کر نقصان کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔