موڈرنا ویکسین کورونا کی نئی قسم کیخلاف بھی مؤثر ہے، امریکی دواساز کمپنی کا دعویٰ

موڈرنا کمپنی نے 8 افراد کے خون کے نمونے لئے ہیں جن کو ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جاچکی، نئی قسم پر تجربات شروع

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 26 جنوری 2021 00:16

موڈرنا ویکسین کورونا کی نئی قسم کیخلاف بھی مؤثر ہے، امریکی دواساز کمپنی ..
واشنگٹن (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25 جنوری 2021ء) امریکی دواساز کمپنی موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ویکسین برطانیہ اور جنوبی افریقا سے منظرعام پر آنیوالی کورونا کی نئی قسم کیخلاف بھی مؤثر ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی دواساز کمپنی موڈرنا کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹس سے ثابت ہوا ہے کہ ہماری تیار کردہ کورونا ویکسین نئی قسم کے وائرس کے خلاف بھی مؤثر ہوگی، تاہم کمپنی نے احتیاط برتتے ہوئے جنوبی افریقا اور برطانیہ میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم پر تجربات شروع کردیئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ویکسین کے اثرات پر جاری تحقیق ’ایم آر این اے 1273‘ کے تحت موڈرنا کمپنی نے 8 افراد کے خون کے نمونے لئے ہیں جن کو ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

خبررساں ادارے کیرپورٹ کے مطابق برطانیہ میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم اینٹی باڈیز کو غیر مؤثر نہیں کرتی جو ویکسین لگانے سے جسم میں پیدا ہوتے ہیں اور کرونا وائرس کو انسانی خلیوں میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔

جنوبی افریقا میں سامنے آنیوالی وائرس کی نئی قسم سے ظاہر ہوا ہے کہ یہ اینٹی باڈیز کے اثرات کو 6 گنا غیر مؤثر کردیتی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی نئی قسم سے نبردآزما ہونے کے لیے کورونا ویکسین پر تحقیق جاری ہے ۔ فائزر، اسپوٹنک اور برطانوی دوا ساز کمپنیاں بھی کورونا کی نئی قسم کیخلاف ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جلد ہی کورونا کی نئی قسم کیخلاف بھی ویکسین تیار کر لی جائے گی ۔ جبکہ موڈرنا کے دعوے کے بعد امید نظر آ رہی ہے کہ نئی قسم سے نمٹنے کے لیے جلد ہی ویکسین مارکیٹ میں آ جائے گی ۔ موڈرنا کی جانب سے جاری تحقیق کے نتائج آنے کے بعد اس ویکسین کو عالمی سطح پر بھی ٹیسٹنگ کے لیے بھیجا جائے گا۔