گورنر سندھ نے المصطفیٰ میڈیکل سینٹر کے CLEFT Lip and Palateآپریشن تھیٹر کا افتتاح کردیا

منگل 26 جنوری 2021 18:25

گورنر سندھ نے المصطفیٰ میڈیکل سینٹر کے CLEFT Lip and Palateآپریشن تھیٹر کا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گلشن اقبال میں واقعہ المصطفیٰ میڈیکل سینٹر کے دورہ کے موقعہ پر جدید خطوط پر قائم کئے جانے والے CLEFT Lip and Palateآپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر گورنر سندھ نے المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرستِ اعلی و چیئرمین ڈاکٹر محمد حاجی حنیف طیب اور ٹیکا پاکستان کے کوآرڈینیٹر جناب ابراہیم کترجی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بات جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ ٹیکا کے تعاون سے یہاں کٹے ہونٹ اور تالو سے متاثرہ بچوں کے لئے مفت آپریشن کے دائرہ کو مزید وسیع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بولنا اور مسکرانا ہر بچے کا حق ہے، کٹے ہونٹ اور تالو سے متاثرہ بچے نہ صرف مختلف جسمانی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں بلکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ اٴْنہیں نا مناسب سماجی رویوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، اس ضمن میں المصطفی ویلفیئر سوسائٹی اور جناب پروفیسر محمد اشرف گناترا کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ٹیکا کے افسران نے پاک۔

ترک دوستی کے اٴْس عہدِوفا کو پھر سے تازہ کیا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کیا تھا، یہ دوستی صرف سفارتی تعلقات تک ہی محدود نہیں بلکہ اس دوستی کی جڑیں ہر ترک اور پاکستانی کے دل میں موجود ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں دل کے اسپتال کی جگہ کے لئے وفاقی حکومت سے بات کروں گا اور کوشش کروں گا کہ ویلفیئر ٹرسٹ کے لئے زیادہ سے زیادہ مدد حاصل کروں۔

گورنر سندھ نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے برادر اسلامی ملک ترکی کی حکومت اور ٹیکا پاکستان کا تہِ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔ المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرستِ اعلی و چیئرمین ڈاکٹر محمد حاجی حنیف طیب کہا کہ اب تک تقریباً 60000 کٹے ہونٹ اور تالو سے متاثرہ بچوں کے مفت آپریشن کئے جاچکے ہیں اور جدید آپریشن تھیٹر کے قیام سے بڑے پیمانے پر مفت آپریشن یقینی بنائے جائیںگے۔

ٹیکا نے آپریشن تھیٹر کو اپ گریڈ بھی کیا ہے اور ٹیکا نے ویلفیئر سوسائٹی کے زیر انتظام گرلز کالج میں آڈیٹوریم فرنیچر اور کمپیوٹر لیبارٹری حاصل کرنے کے لئے سپانسر بھی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کے قونصل خانے کی جانب سے تین آپریشن تھیٹر اور ایکسرے مشین کی سرپرستی کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا گیا ہے۔ ٹیکا کے پروگرام کوآرڈینیٹر ابراہیم کتری نے کہا کہ ہم صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے کو جاری رکھیں گے اور پاکستان میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے۔