خواجہ آصف کا جیل میں سہولیات کیلئے احتساب عدالت سے رجوع

احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی

منگل 26 جنوری 2021 23:50

خواجہ آصف کا جیل میں سہولیات کیلئے احتساب عدالت سے رجوع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے جیل میں 'بی کلاس' لینے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کر لیا۔خواجہ آصف کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں جیل میں سہولیات دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جیل میں گھر کا کھانا، ہیٹر اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ سینیٹر اور وزیر رہا ہوں اور اب منتخب رکن قومی اسمبلی ہوں، پنجاب کے شریف گھرانے سے تعلق ہے لہٰذا عدالت سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ آصف کی درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے تحریری جواب طلب کر لیا۔لیگی رہنما کی جانب سے ان کے وکیل طاہر خلیل سندھو احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ 22 جنوری کو لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے خواجہ آصف کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔