براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز تیار کر لیے گئے

کمیشن براڈشیٹ اور آئی اے آر کے انتخاب، تقرری کے عمل اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا، غلط ادائیگی کرنے کے ذمہ دار عہدیداروں کی نشاندہی کرے گا، ٹی او آرز

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 28 جنوری 2021 20:42

براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز تیار کر لیے گئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 28 جنوری 2021ء) براڈ شیٹ کیس سے متعلق وفاقی حکومت کی طرف سے قائم کیے گئے ایک رکنی کمیشن کے ٹی او آرز تیار کر لیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ پر مشتمل براڈشیٹ کمیشن کے ٹی او آرز تیار کر لیے گئے ہیں، کمیشن کو تحقیقات کے لیے افسران اور ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں بنانے کا اختیار ہوگا۔

ٹی او آر کے مطابق کمیشن براڈشیٹ اور آئی اے آر کے انتخاب، تقرری کے عمل اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا، کمیشن 2003ء میں براڈشیٹ اور آئی اے آر کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کی وجوہات اور اثرات کی جانچ پڑتال کرے گا۔ کمیشن 2008 میں براڈشیٹ کو پاکستان کی جانب سے کی گئی ادائیگیوں کی وجوہات اور اثرات کی نشاندہی کرے گا۔

(جاری ہے)

ٹی آر اوز کے مطابق کمیشن یہ دیکھے گا کہ 2008ء میں کی گئی ادائیگی جائز تھی؟ ٹی او آر کمیشن 2008 میں 1.5 ملین ڈالر (تقریباً 22 کروڑ روپے) کی غلط ادائیگی کرنے کے ذمہ دار افراد یا عہدیداروں کی نشاندہی کرے گا۔

اس بات کی نشاندہی بھی کی جائے گی کہ آیا لندن عدالتوں کے سامنے کیس موثر طریقے سے لڑا گیا؟ ٹی آر اوز کے مطابق کمیشن اس بات کا تعین کرے گا کہ دعویدار کو ادائیگی کرنے کا عمل قانونی اور مقررہ قواعد و طریقہ کار کے مطابق تھا؟ کمیشن تعین کرے گا کہ غیر قانونی طور پر حاصل شدہ اثاثوں کی ریکوری کے لیے دائر کیسز کیوں بند کیے گئے، کمیشن کیسز بند کرنے کے نتیجے میں ملک کو ہونے والی مالی نقصان کا بھی تعین کرے گا، غفلت یا بدانتظامی کے مرتکب کسی بھی فرد یا اتھارٹی کی ذمہ داری کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں ایک رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی تھی ۔