سعودی حکومت نے غیر ملکیوں سے شادی رچانے والی خواتین اور مردوں کو بیرون ملک سفرکی اجازت دے دی

اجازت نامہ ابشر پلیٹ فارم سے حاصل کرناہو گا، غیر ملکیوں کی سعودی بیویوں کو سفر کرنے کے لیے بطور ثبوت نکاح نامہ دکھانا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 فروری 2021 13:32

سعودی حکومت نے غیر ملکیوں سے شادی رچانے والی خواتین اور مردوں کو بیرون ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،25 فروری2020ء ) سعودی حکومت نے ان مقامی مردوں اور خواتین کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ہے ، جنہوں نے غیر ملکیوں سے شادیاں کر رکھی ہیں ۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں سے شادی شدہ سعودی شہریوں (مرد وخواتین) ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے براہ راست سفر کر سکتے ہیں۔

ایوان شاہی نے اس کی منظوری دی ہے، تاہم سفر کرتے وقت شادی کے ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔محکمہ پاسپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں سے شادی شدہ سعودی خواتین اپنے غیر ملکی شوہروں کے ہمراہ باہر جا سکتی ہیں۔ بیرون مملکت موجود غیر ملکی شوہروں سے ملاقات کے لیے سفر کرسکتی ہیں۔ انہیں سفر کرتے وقت نکاح نامے دکھانا ہوں گے۔ محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ اگر سعودی شہریوں کی غیر ملکی بیگمات ملازمت یا کسی بھی وجہ سے بیرون مملکت مقیم ہوں تو وہ ان سے ملنے کے لیے سفر کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی سعودی شہری مملکت سے باہر موجود غیر ملکی بیوی سے متعلق دستاویزات نہ پیش کر پا رہا ہو اور بوجوہ اس کی بیوی مملکت نہ آ پا رہی ہو تو ایسی صورت میں وہ ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے باہر جانے کا اجازت نامہ حاصل کرنے کی درخواست دے سکتا ہے۔ اسے درخواست کے ساتھ مطلوبہ کاغذات منسلک کرنا ہوں گے۔ ایسا کرنے پر اسے سفر کا اجازت نامہ آسانی سے مل جائے گا۔دوسری جانب فلائٹ آپریشنز کی بحالی سے متعلق بڑی خبر آ گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے اگلے چند ماہ بعد تمام انٹرنیشنل فلائٹس چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 17 مئی 2021ء سے تمام فلائٹ آپریشنز بحال کر دیئے جائیں گے۔