شارجہ میں کاروباری مراکز اورفوڈ پوائنٹس کے ملازمین پر کڑی شرط عائد ہو گئی

کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو ہر دو ہفتے بعد پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 فروری 2021 14:40

شارجہ میں کاروباری مراکز اورفوڈ پوائنٹس کے ملازمین پر کڑی شرط عائد ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،25 فروری2020ء ) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ چند ہفتوں سے کورونا کیسز کی یومیہ گنتی 3 ہزار کے ہندسے سے زائد ہو چکی ہے۔ ایک موقع پر تو یہ تعداد چار ہزار کیسز فی دن کے قریب پہنچ چکی تھی۔ تاہم موثر اقدامات کے نتیجے میں کیسز میں خاصی حد تک کمی ہوئی ہے۔ اماراتی ریاست شارجہ نے تمام کاروباری مراکز بشمول ریسٹورنٹس اور کیفے ٹیریاز پر اہم پابندی عائد کر دی ہے۔

کورونا کیسز میں کمی کے لیے نئے قواعد و ضوابط کے تحت شارجہ حکومت نے ایک بڑی شرط عائد کی ہے۔ شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تمام ریسٹورنٹس ، کیفے ٹیریاز اور ہوٹلز کے ملازمین کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد کورونا ویکسین لگوا کر اس موذی بیماری سے محفوظ ہو جائیں۔ ان تمام فوڈ پوائنٹس کے جن ملازمین نے ابھی تک کورونا ویکسین نہیں لگوائی، انہیں ہر دو ہفتے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کروا کر نیگیٹو رپورٹ حاصل کرنا لازمی ہوگی۔

(جاری ہے)

ورنہ ان ملازمین اور ان کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ شارجہ میونسپلٹی نے وضاحت کی ہے کہ ریسٹورنٹس ، کیفے ٹیریازسمیت دیگر فوڈ پوائنٹس کے وہ ملازمین جو پہلے ہی ویکسین لگوا چکے ہیں، ان پر ہر دو ہفتے بعد پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا، وہ اس شرط سے مستثنیٰ ہیں۔ میونسپلٹی نے مزید بتایا ہے کہ ریاست شارجہ کے تمام کاروباری مراکز او ریسٹورنٹس و کیفے ٹیریاز کے لیے انٹری کے مقا م پر ایسے سٹیکرز لگانے ہوں گے جو اس بات کو ظاہر کریں کہ ان کے تمام ملازمین نے ویکسین لگوا لی ہے یا پی سی آر ٹیسٹ کروا کر نیگیٹو رپورٹ حاصل کر چکے ہیں ہے۔

شارجہ سٹی میونسپلٹی کی جانب سے فوڈ پوائنٹس پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ وہاں پر کورونا سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی اقدامات پر عمل درآمد کی تسلی کی جا سکے۔ حکا م نے انتباہ کیا ہے کہ میزوں کے درمیان کم از کم دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ضروری ہے اور ایک میز پر چار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔