اعجاز احمد شاہ کاتحریک انصاف کی جانب سے ایک ارب 6 کروڑ روپے کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کا باقاعدہ اعلان

عوام نے اپوزیشن کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے،3 مارچ کو سینٹ الیکشن کے نتائج سے ان کی مقبولیت کا پتہ چل جائے گا،ڈسکہ میں ضمنی انتخاب دوبارہ ہو نے جا رہا ہے جس میں پی ٹی آئی دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی،وفاقی وزیر انسداد منشیات

جمعہ 26 فروری 2021 18:01

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2021ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضلع ننکانہ صاحب کی عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا،بچیکی شہر اور گردونواح کے 26دیہات کے لئے ایک ارب 6 کروڑ روپے کی لاگت سے سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کر دیا،وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجازاحمد شاہ نے بچیکی کے مقامی شادی ہال میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کا اعلان کیا،اس موقع پر سابق ایم پی اے و تحصیل صدر پی ٹی آئی ننکانہ صاحب رائے اسلم خاں کھرل،ریجنل مینجر سوئی نادرن گیس شیخوپورہ ریجن احسان اللہ بھٹی،پی ٹی آئی رہنماء رائے علی رضا کھرل،رائے منظور قادر بھٹی اور حاجی وحید ہمایوں بھٹی سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ این اے 118 کی عوام باالخصوص بچیکی کو سابقہ ادوار حکومت میں بنیادی سہولیات سے فراہم رکھا گیا جس کی وجہ علاقہ ترقی نہ کر سکا،اب عوام کو یہ فیصلہ کر لینا چاہئے کہ انہوں نے ایماندار اور جذبہ خدمت سے سرشار لوگوں کو ہی اپنا نمائندہ منتخب کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ سچے اور جھوٹے انسانوں میں فرق کئے بغیر ہم اچھے انسان نہیں بن سکتے اس لئے ہمیں ہمیشہ سچے اور مخلص انسان کا ہی ساتھ دینا چاہئے،انہوں نے اعلان کیا کہ بچیکی،موڑ کھنڈا اور مانگٹانوالہ کے گردونواح کی36 دیہات میں بہت جلد سوئی گیس کی فراہمی کا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا جس کے لئے سروے کا آغاز کل سے ہی کر دیا جا ئے گا، وفاقی وزیر نے کہا کہ ننکانہ صاحب شہر اور گردونواح میں اب تک ایک ارب روپے کے فنڈز سے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں، پنجاب حکومت نے بابا گورونانک یونیورسٹی کے اگلے مرحلے کے لئے 2 ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے جس پر کام کا بہت جلد آغاز ہو جا ئے گا، تقریب سے سابق ایم پی اے رائے اسلم خاں کھرل نے بھی خطاب کیا اور عوامی فلاح کے اس بڑے منصوبے کے اعلان پر وزیر اعظم عمران خان اور فاقی وزیر اعجاز احمد شاہ کا شکریہ کیا،بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے،3 مارچ کو سینٹ الیکشن کے نتائج سے ان کی مقبولیت کا پتہ چل جائے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ضمنی انتخاب دوبارہ ہو نے جا رہا ہے جس میں پی ٹی آئی دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔