کراچی، خواتین کے عالمی دن 8مارچ کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی وویمن ونگ کاسی ویو کلفٹن پر وویمن پروٹیکشن واک کااعلان

ہفتہ 6 مارچ 2021 13:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی وویمن ونگ نے 8مارچ کوسی ویو کلفٹن پر وویمن پروٹیکشن واک کااعلان کیاہے۔جماعت اسلامی ضلع جنوبی وویمن ونگ کے تحت شایان لان میں مضبوط خاندان محفوظ عورت مستحکم معاشرہ مہم کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیا۔خواتین سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظمہ کراچی فرح عمران نے کہا کہ خاندان کی مضبوطی اسی میں ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے میں خامیاں نہیں بلکہ خوبیاں تلاش کریں۔

خاندان وہ ہے جس کے افراد مطمئن ہوں اور جہاں باہمی اعتماد و تعاون کی فضا ہو۔جے آئی یوتھ کی حاجرہ یوسف نے اکیسویں صدی میں خاندان کے حوالے سے بات کی جبکہ وول فورم کی عائشہ شوکت نے اعدادوشمار کے ساتھ آج کی خواتین کے مسائل کا بھرپور احاطہ کیا ۔

(جاری ہے)

قرآن انسٹی ٹیوٹ کی فریدہ گلزار نے دلائل اور واقعات کے ساتھ آج کے مسائل کا حل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی میں بتایا۔

اس پروگرام میں ڈاکٹر تنزیلہ،شمیم فہیم اور زاہدہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خصوصاً نوجوان خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سی ویو کلفٹن پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی حلقہ خواتین کے تحت آٹھ مارچ شام چاربجے وویمن پروٹیکشن واک کااعلان کیاگیا واک سے خواتین رہنمائوں کے علاوہ رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید بھی خطاب کرینگے ۔