ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے ڈی ایچ کیوہسپتال جنرل آپریشن تھیٹر میں بہوشی کی دو نئی جدید مشینوں کا افتتاح کر دیا

جمعرات 11 مارچ 2021 17:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2021ء) ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گُل نے ڈی ایچ کیوہسپتال جنرل آپریشن تھیٹر میں بہوشی (Anethesia) کی دو نئی جدید مشینوں کا افتتاح کر دیا ۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اقبال جاوید ، ایم ایس ڈاکٹر لائیق چوہدری ، اے ایم ایس ڈاکٹر فیاض احمد ، صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد طاہر شاہین ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد حماد اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عوام الناس کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور جنرل آپریشن تھیٹر میں دو نئی جدید بہوشی کی مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں جس سے پنڈکس ، ہرنیاں ، پتھری ،غدود وغیرہ کے مریضوں کے علاج معالجہ میں مزید بہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مریضوں کیلئے آپریشن تھیٹر میں بلڈبینک کی بھی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جس سے ایمرجنسی مریضوں کے علاج معالجہ میں مدد ملے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کرونا ویکسین کے عمل کا بھی جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈاکٹرز کی کارکردگی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے گائنی کمپلیکس اور گردوں کے ڈائیلسز سینٹر میں جلد ازجلد رمپس بنانے کیلئے تخمینہ لگوانے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لان میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا ۔