ملزم کی ضمانت منظور کرنے پر مشتعل خاتون نے جج کو پرس دے مارا

سول جج راولپنڈی کی عدالت میں خاتون نے میز پر پڑی فائلیں بھی جج پر اچھالنا شروع کر دیں ، گالم گلوچ اور سخت جملوں کا بھی استعمال کیا ، خاتون کے خلاف دہشت گردی ایکٹ اور دھمکیاں دینے پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 اپریل 2021 15:19

ملزم کی ضمانت منظور کرنے پر مشتعل خاتون نے جج کو پرس دے مارا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اپریل 2021ء )  صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرنے پر مشتعل خاتون نے سول جج کو ہینڈ پرس دے مارا۔ عدالتی یڈر راجہ کامران کے مطابق مجھ سے اس خاتون نے پوچھا کہ محمد وقاص کے کیس میں کیا کارروائی ہوئی ، میں نے لسٹ چیک کر کے بتایا ملزم کی مبینہ جعلی چیک کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی ہے ، جس پر خاتون مشتعل اور آگ بگولہ ہوگئی اور کہا کہ وہ اس کیس کی مدعیہ ہے ، خاتون نے بد تمیزی اور گالم گلوچ بھی کی ، جب کہ جج کو گالیاں دینے لگی کہ ضمانت کیوں منظور کی گئی۔

(جاری ہے)

 بتایا گیا ہے کہ مشتعل خاتون کی طرف سے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرنے پر سول جج سردار عمر حسن کو ہینڈ پرس مارنے کے بعد میز پر پڑی فائلیں بھی جج پر اچھالنا شروع کر دی گئیں ، سخت جملوں کا بھی اظہار کیا ، جب کہ پرس لگتے ہی جج سماعت ادھوری چھوڑ کر چیمبر میں چلے گئے۔ بعد ازاں خاتون کے شور شرابے اور گالم گلوچ پر پولیس پہنچ گئی ، جس نے خواتین  پولیس کو منگوا کر خاتون کو گرفتار کر لیا جب کہ عدالتی ریڈر کی درخواست پر ملزمہ خاتون کے خلاف دہشتگردی ایکٹ اور دھمکیاں دینے پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :