عمرشاہ کی طبیعت کیسے بگڑی؟ انتقال کی رات کیا ہوا؟ چچا نے دکھ بھری داستان بیان کردی

ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم پر قیامت ٹوٹ پڑی ہو، عمر ہمیں تو پیارا تھا ہی لیکن لوگوں کا بھی پیارا بہت تھا، اس کے انتقال پر دنیا بھر سے مجھے کالز آرہی ہیں؛ مرحوم چائلڈ سٹار کے چچا کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 ستمبر 2025 14:00

عمرشاہ کی طبیعت کیسے بگڑی؟ انتقال کی رات کیا ہوا؟ چچا نے دکھ بھری داستان ..
ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر 2025ء ) چائلڈ سٹار عمر شاہ کے انتقال کے حوالے سے ان کے چچا نے دکھ بھری داستان بیان کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا سٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے انتقال کے بعد ان کے چچا کا بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ جس رات عمر کا انتقال ہوا اس رات وہ بالکل ٹھیک تھا، عمر کو رات تک ہلکی سی بھی کہیں کوئی تکلیف نہیں تھی، عمر خوشی خوشی سویا تھا لیکن ڈھائی بجے کے قریب اس کی طبیعت خراب ہوئی۔

عمر کے چچا کا کہنا ہے کہ جس کے بعد طبیعت خراب ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں تقریباً آدھا گھنٹے بعد ہی عمر انتقال کرگیا، ہماری فیملی کیلئے تکلیف دہ صورتحال ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم پر قیامت ٹوٹ پڑی ہو، عمر ہمیں تو پیارا تھا ہی لیکن لوگوں کا بھی پیارا بہت تھا، اس کے انتقال پر دنیا بھر سے مجھے کالز آرہی ہیں، یہ وقت عمر شاہ کے والدین کیلئے بہت مشکل وقت ہے ان کیلئے صبر کی دعا کریں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان کے مشہور ننھے سٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عُمر شاہ انتقال کرچکے ہیں، احمد شاہ کے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے یہ خبر سامنے آئی، اس حوالے سے کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا کہ ’ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ خالقِ حقیقی سے جا ملا، عمر شاہ کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کریں‘۔ اہل خانہ نے بتایا کہ ’عمر شاہ کو فوڈ پوائزنگ ہوئی اور اس دوران پھیپھڑوں میں پانی بھرگیا جس کے نتیجے میں سانس کی نالی میں رکاوٹ کی وجہ سے گزشتہ رات عمر شاہ کی طبیعت اچانک خراب ہوئی جس پر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے‘، اس سے پہلے گزشتہ برس جولائی میں عمر کی آنکھوں میں موتیا کی وجہ سے ان کی سرجری بھی ہوئی تھی۔