دبئی ،اتحاد ایئر ویز نے ابوظہبی اور تل ابیب کے مابین باضابطہ طور پر فضائی سفر کا آغاز کر یا

اتحاد ائیر ویز کی پہلی پرواز ای وائی 598 مسافروں کو لے کر تل ابیب پہنچی،ایوی ایشن ذرائع

منگل 6 اپریل 2021 16:59

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2021ء) متحدہ عرب امارات کی اتحاد ایئر ویز نے ابوظہبی اور اسرائیل کے اہم شہر تل ابیب کے مابین باضابطہ طور پر فضائی سفر کا آغاز کر دیا ہے، اتحاد ائیر ویز کی پہلی پرواز ای وائی 598 مسافروں کو لے کر منگل کی دوپہر تل ابیب پہنچی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اتحاد ایئر ویز نے اس پرواز کے لیے اے 6 بی ایل اے رجسٹریشن کا 6 سال پرانا بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارہ استعمال کیا ہے، یہ پرواز متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح 10 بج کر 13 منٹ پر ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اسرائیل کے تل ابیب کے لیے روانہ ہوئی۔

پرواز سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 19 منٹ پر تل ابیب کے بن گورین انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتری، ایئرپورٹ پر اسرائیلی انتظامیہ نے پرواز اور مسافروں کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

تل ابیب ایئرپورٹ کے ڈیپارچر بورڈ کے مطابق یہ طیارہ شیڈول کی فلائٹ نمبر ای وائی 599 کے طور پر بدھ 7 اپریل کی سہہ پہر سوا 3 بجے مسافروں کو لے کر ابوظہبی کیلئے روانہ ہوگا۔ واضح رہے کہ ایئرلائن نے 19 اکتوبر 2020ء کو اسرائیل سے تعلقات استوار ہونے پر جذبہ خیرسگالی کے طور پر خلیج سے پہلی غیر شیڈول شدہ مسافر بردار پرواز اسرائیل کے لیے بھیجی تھی۔