سیاسی مخالفین کو بغض کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ‘ ہمایوں اختر خان

سابق حکومت نے 7سے 8فیصد شرح سے 14ارب ڈالر کے مہنگے کمرشل قرضے لئے ،خمیازہ قوم بھگت رہی ہے ‘ سینئر مرکزی رہنماء

ہفتہ 17 اپریل 2021 16:46

سیاسی مخالفین کو بغض کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہضم نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں تحصیل سطح پر کم آمدن والے افراد کے لئے گھروں کے منصوبے شروع کئے جائیں گے،موجودہ حکومت معیشت کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لا رہی ہے جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دورمیں 7سے 8فیصد شرح سے 14ارب ڈالر کے مہنگے کمرشل قرضے لئے جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے ،موجودہ حکومت کوملنے والے تمام قرضے رعایتی ہیں اور ان کی شرح 3فیصد یا اس سے کچھ زیاد ہ ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو بغض کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور جھوٹے پراپیگنڈے پر اوور ٹائم لگایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے دورمیں بڑے بڑ ے منصوبوں کے دعوے کرتے نہیں تھکتی لیکن ان سے پوچھا جائے کہ بیرونی قرضے ڈالرز میں لئے گئے ہیں کیا ایک بھی ایسا منصوبہ لگایا گیا ہے جو فارن ایکسچینج کما سکے اور اس سے قرضوں کی واپسی ہو ۔

ہمیں حقیقت پسندہونا پڑے گا وگرنہ ہماری مشکلات کبھی کم نہیں ہوں گی ۔ مسلم لیگ (ن ) کی حکومت جاتے ہوئے 20ارب ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ چھوڑ کر گئی جس کی وجہ سے ہمیں دنیا میں دوڑنا پڑا اورموجودہ حکومت نے اس میں کامیابی سمیٹی ہے اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ سر پلس ہے۔حکومت غریب طبقات کیلئے فکر مند ہے اسی تناظر میں ’’احساس پروگرام‘‘ کا آغاز کیا اور مشکلات کے باوجود اس کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ،جیسے جیسے ہمارے معاشی حالات بہتر ہوتے جائیں گے عوام کی زندگیوںمیں خوشحالی اور آسودگی آئے گی ۔