سعودی عرب نے پاکستانی بھائیوں کے لیے قرآن مجید کے لاکھوں نسخے بھجوا دیئے

شاہ فہد کے قرآن کمپلیکس میں شائع کردہ12 لاکھ نسخے 29 ممالک میں تقسیم کیے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 اپریل 2021 16:33

سعودی عرب نے پاکستانی بھائیوں کے لیے قرآن مجید کے لاکھوں نسخے بھجوا ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اپریل2021ء) دُنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حج و عمرہ کے لیے جب سعودی عرب جاتے ہیں تو ان کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ اس مقدس سرزمین سے قرآن پاک کے نسخے بھی ساتھ لائے جائیں جسے وہ اپنے گھر پر بھی رکھتے ہیں اور رشتہ داروں میں بھی بانٹتے ہیں۔ سعودی عرب میں کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران بہت کم پاکستانیوں کا حجاز مقدس جانا ہوا ہے۔

مقدس مقامات کی زیارت سے محرومی پر لاکھوں پاکستانیوں کے دل افسردہ ہیں۔ تاہم سعودی حکومت نے اپنے پاکستانیوں بھائیوں کی دلجوئی کے لیے قرآن پاک کے لاکھوں نسخے بھجوانے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق شاہ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن میں لاکھوں نسخے تیار کیے گئے ہیں۔ جنہیں خادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر دُنیا کے 29 ممالک میں بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

قرآن پاک کے ان نسخوں میں مختلف تراجم بھی شامل ہیں۔ سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قرآن پاک کے مترجم نسخے 21 زبانوں میں شائع کیے گئے ہیں جنہیں دُنیا کے 29 ممالک میں بھجوایا جائے گا۔فی الحال 12 لاکھ نسخے تقسیم کے لیے مہیا کر دیئے گئے ہیں جنہیں دُنیا بھر میں قائم سعودی سفارت خانوں کو بھیجا جائے جو ان ممالک کے حکام کو قرآن پاک کے یہ عربی اور مترجم نسخے تحفے میں پیش کریں گے۔

اس کے علاوہ سعودیہ کے ماتحت ثقافتی اور اسلامی مراکز کے ذریعے بھی ان پاک نسخوں کی تقسیم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سعودی وزیر برائے اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کنگ فہد کمپلیکس کے نگرانِ اعلیٰ بھی ہیں، انہوں نے قرآن پاک اور اس کے ترجمہ شدہ نسخے تیار کروانے پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شاہ فہد کمپلیکس نے کورونا کی وبا کے باوجود ایک کروڑ 85 لاکھ سے زائدنسخے تیار کر کے دُنیا بھر میں بھجوائے ہیں۔