ورچوئل ایکسز رمضان فیسٹول ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 23 اپریل سے شروع ہوگا

منگل 20 اپریل 2021 17:40

ورچوئل ایکسز رمضان فیسٹول ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 23 اپریل سے شروع ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) ورچوئل ایکسز رمضان فیسٹول ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 23 اپریل سے 28 اپریل تک کراچی کے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ میں سابق کرکٹرز، شوبز اسٹارز اور اسپورٹس جرنلسٹس ایکشن میں نظر ائیں گے۔ اس بات کا اعلان ورچوئل ایکسز کے چیف ایگزیکٹیو، ایکسز کرکٹ کلب کے صدر اور ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر خواجہ احمد مستقیم نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں ایکسز کرکٹ کلب، شوبز اسٹار الیون، سابق کرکٹرز پر مشتمل ویٹرنز الیون، ٹیم سجاس، اے او کلینک اور اسپورٹس جرنلزم سے وابستہ میڈیا الیون سمیت چھ ٹیمیں ایکشن میں نظر ائیں گی، برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا اغاز 23 اپریل کو رات دس بجے ایکسز کرکٹ کلب اور میڈیا الیون کے درمیان میچ سے ہوگا،ایونٹ کا فائنل 28 اپریل کو شیڈول ہے، خواجہ احمد مستقیم کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی کوئی انٹری فیس نہیں ہے تاہم میگا ایونٹ کے لئے تعاون کرنے پر اپنے دوستوں سندھ کے سابق وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ اور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے صدر آصف خان اور سیکریٹری اصغر عظیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایونٹ کا مقصد کورونا وائرس سے پریشان شائقین کو تفریح فراہم کرنا ہے،نئی تحقیق سے ثابت ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے ہمیں اپنے میدان آباد کرنا ہونگے۔