منی لانڈرنگ کیس ، شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہبازسمیت 4 ملزمان کے اشتہار جاری

سیشن کورٹ لاہور نے 20 مئی تک ایف آئی اےسےرپورٹ طلب کرلی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اپریل 2021 10:52

منی لانڈرنگ کیس ، شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہبازسمیت 4 ملزمان کے اشتہار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2021ء)  سیشن کورٹ لاہور نے رمضان شوگرملز اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہبازسمیت 4 ملزمان کے اشتہار جاری کردیے۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں رمضان شوگرملز ، منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، جس میں عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ہبازشریف کے بیٹے سلمان شہبازسمیت 4 ملزمان کے اشتہار جاری کردیے ، دیگر جن ملزمان کے اشتہار جاری کیے گئے ان میں سی ای او ملز مقصود احمد ، سید طاہر نقوی اور مزمل رضا شامل ہیں ، جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے ملزمان کے اشتہار جاری کیے ، جس کے بعد عدالت نے20 مئی تک ایف آئی اےسےرپورٹ طلب کرلی۔

اس سے پہلے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ، جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں 25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے وارنٹ جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 19جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ، وارنٹ گرفتاری جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل لاہور نے عدالت سے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2008ء سے 2018ء کے دوران 25 ارب روپےکی مشکوک ٹرانزیکشنزکی گئی تھیں ، بے نامی اکاؤنٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی ، بے نامی اکاؤنٹ کے پیچھے سلمان شہبازکا کردار ہے ، درخواست کے متن میں کہا گیا تھا کہ سلمان شہباز27اکتوبر2018ء کو لاہورایئرپورٹ سے برطانیہ چلے گئےتھے، متعد د مرتبہ طلبی کےنوٹس جاری کیے لیکن سلمان شہباز پیش نہیں ہوئے جبکہ سلمان شہباز اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے۔