سعودی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کو بھی ویکسین لگا دی گئی

حکام کے مطابق 68 فیصد قیدیوں کو ویکسین لگا جا چکی ہے، قیدیوں کو ان کی مرضی سے ویکسین لگائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اپریل 2021 12:54

سعودی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کو بھی ویکسین لگا دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل2021ء) سعودی جیلوں میں ہزاروں غیر ملکی قیدی بھی بند ہیں، جن میں سے پاکستانی قیدیوں کی گنتی بھی 25 سو سے زائد ہے۔ ان میں سے کچھ قتل کے مقدمات میں بند ہیں تو کچھ منشیات فروشی اور باقی دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں کے باعث سزا ئیں بھُگت رہے ہیں۔ سعودی حکومت نے جیلوں میں بند ہزاروں قیدیوں کو بھی کورونا ویکسین لگا دی ہے۔

سعدسی حکام کے مطابق 68 فیصد قیدیوں کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔ جبکہ باقی قیدیوں کو بھی مرحلہ وار ویکسین کے دونوں انجکشن لگا ئے جا رہے ہیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق قیدیوں کوگروپوں کی شکل میں ویکسین لگائی جارہی ہے تاکہ انھیں اس مہلک وائرس سے ہر طرح سے محفوظ رکھا جاسکے۔آگاہی مہم کے بعد ویکسین لگوانے والے قیدیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن جو قیدی ویکسین نہیں لگوانا چاہتے، انھیں اس کے لیے مجبور کیا جائے گا اورنہ ان کے خلاف کوئی اقدام کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

کورونا وبا کے مملکت میں قدم رکھتے ہی قیدیوں کواس مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔اس مقصد کے لیے جیلوں کے داخلی دروازوں پر ملاقاتیوں کے لیے مختص کمروں میں حفاظتی احتیاطی تدابیراختیار کی گئی تھیں اور وہاں آنے والے ہر فرد کا جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جاتا رہا ہے۔قیدیوں کے سوا دوسرے افراد کے داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔

حتیٰ کہ ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کا بھی داخلہ بند کردیا گیا تھا۔قیدیوں کی اپنے بیوی بچوں اورخاندانوں کے دوسرے افراد سے ملاقاتیں بھی معطل کردی گئی تھیں۔البتہ اب وہ تمام احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرتے ہوئے ان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ کسی مشتبہ کیس کے سامنے آنے کی صورت میں فوری طور پرایک مخصوص وارڈ میں منتقل کیا جاتا رہا ہے تاکہ اس سے دوسرے قیدی متاثر نہ ہوں۔کووِڈ-19 کے مثبت ٹیسٹ کے حامل قیدیوں کی ایک خصوصی ٹیم نگرانی کرتی رہی ہے۔اس کے علاوہ وقفے وقفے سے پی سی آر ٹیسٹ کیے جاتے رہے ہیں تاکہ کسی نئے کیس کی تشخیص کی صورت میں بروقت مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکیں۔