پینٹاگان نے ترکی کو ایف 35منصوبے سے ہٹانے بارے سرکاری طور پر آگاہ کر دیا

امریکا نے 2006 میں ترکی سمیت نو ممالک کی جانب سے دستخط کردہ مفاہمتی یادداشت ختم کر دی،ذرائع

جمعہ 23 اپریل 2021 15:25

پینٹاگان نے ترکی کو ایف 35منصوبے سے ہٹانے بارے سرکاری طور پر آگاہ کر ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) امریکی وزارت دفاع پینٹاگان کے ایک ذمے دارنے کہاہے کہ امریکا نے ترکی کو ایف 35لڑاکا طیارے کے پروگرام سے نکالے جانے کے حوالے سے انقرہ کو سرکاری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ یہ بات ترک سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتائی۔مذکورہ ذمے دار کے مطابق امریکا نے 2006 میں ترکی سمیت نو ممالک کی جانب سے دستخط کردہ مفاہمتی یادداشت ختم کر دی ہے۔

(جاری ہے)

بقیہ آٹھ شریک ممالک نے نئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں اور ترکی کو موجودہ صورت حال کی اطلاع دے دی گئی ہے۔نئی یادداشت پر دستخط کرنے والے ممالک میں امریکا، برطانیہ، اطالیہ، ہالینڈ، کینیڈا، آسٹریلیا، ڈنمارک اور ناروے شامل ہیں۔ترک حکومت نے 100 سے زیادہ ایف 35 لڑاکا طیاروں کا آرڈر دیا تھا اور ترکی اس کی تیاری کے واسطے پرزے بھی بنا رہا ہے۔ تاہم اسے 2019 میں اس پروگرام سے علاحدہ کر دیا گیا تھا۔ یہ اقدام انقرہ کے ماسکو سے S-400 روسی دفاعی نظام خریدنے کے سبب اٹھایا گیا۔ واشنگٹن کا کہناتھا کہ مذکورہ دفاعی نظام ایف 35 لڑاکا طیاروں کے لیے خطرہ ہے۔