جہانگیر ترین کو انصاف ملے گا مگر۔۔۔ کوئی کمپرومائز نہیں

کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی،تاہم تحقیقات ضرور ہوں گی،ہم خیال گروپ کی وزیراعظم کے ساتھ گفتگو کی اصل کہانی منظر عام پر آ گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 28 اپریل 2021 04:03

جہانگیر ترین کو انصاف ملے گا مگر۔۔۔ کوئی کمپرومائز نہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28 اپریل 2021)  جب سے جہانگیر ترین کے خلاف کیس کا آغاز ہوا ہے تب سے پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے لیے ایک نیا محاذ بھی کھڑا ہو گیا۔اپوزیشن تو خاموشی سے مشاہدہ کرنے میں مصروف ہے کہ دونوں فریقین میں سے جو بھی ہارے ان کی تو جیت ہی ہو گی تاہم حکومتی سطح پر کسی بھی قسم کا پریشر محسوس نہیں ہو رہاگزشتہ روز جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی کی میٹنگ میں بھی کوئی خاطر خواہ نتیجہ نکلتا محسوس نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا۔وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر کے ہم خیال گروپ کے ارکان نے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی۔ ارکان نے وزیراعظم کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور جہانگیر ترین کے خلاف شوگر اسکینڈل مقدمات پر تحفظات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں ایم پی اے نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی اور ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔

راجہ ریاض نے بتایا کہ ہم نے شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں، میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دونگا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ہمیں اپنے کپتان پر اعتماد ہے کہ وہ انصاف کریں گے۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے جسٹس ساحر علی، تصدق جیلانی اور ناصر الملک پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی لیکن وزیراعظم نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے امید رکھیں ہر صورت انصاف ہوگا۔