سعودی ائیرلائن کا اندرون اور بیرون ملک 71روٹس پر پروازیں چلانے کااعلان

مہمان مسافر مقررہ تاریخ پر سفر نہ کرنے کی خواہش پر بکنگ منسوخ اور سفر کی نئی تاریخ کا فوری تعین کریں،بیان

پیر 10 مئی 2021 18:09

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ائیرلائن نے باور کرایا ہے کہ رواں ماہ 17 مئی سے تمام ممالک کے لیے سفر کھول دیا جائے گا۔وہ ہوابازی کے سیکٹر میں کام کرنے والا ایک ادارہ ہے ، فیصلوں کا اختیار اس کے پاس نہیں۔سعودی ایئرلائنز میں کارپوریٹ کمیونی کیشن کے امور کے ڈائریکٹر انجینئر عبداللہ الشہرانی نے عرب ٹی وی کو بتایاکہ مسافروں پر لازم ہے کہ وہ سفر سے قبل saudia.com کی ویب سائٹ سے ضروری معلومات حاصل کر لیں۔

الشہرانی کے مطابق سعودیہ کے بیرون موجود مسافروں کو احتیاطی اقدامات اور وزارت صحت کی جانب سے عائد تقاضوں کا خیال رکھنا لازم ہو گا۔ مسافر کا تولنا ایپ میں اندراج لازم ہے۔الشہرانی نے زور دیا کہ جس کسی نے بھی کرونا کی ایک ویکسین لگوائی ہے وہ سفر کر سکتا ہے شرط یہ ہے کہ اس پہلی ویکسین کو 14 روز گزر چکے ہوں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ہوابازی کو کھولنے کے حوالے سے سعودیہ کے انتظامات کے حوالے سے الشہرانی نے بتایا کہ سعودی ایئرلائنز کے طیاروں کو باقاعدگی کے ساتھ سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔

اس مقصد سے الٹرا وائلٹ شعائوں کے ذریعے سینی ٹائزیشن کے واسطے یووی سی مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ مشین بنیادی طور پر ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹروں کو سینی ٹائز کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی۔ کارپوریٹ کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے مطابق کل 95 میں سے 71 مقامات کے لیے پروازیں چلانے کے لیے سعودیہ کی تیاری مکمل ہے۔ ان 71 میں سے 28 روٹس اندرون ملک اور 43 روٹس بیرون ملک کے ہیں۔سفر سے قبل بکنگوں کی منسوخی کے حوالے سے الشہرانی نے بتایا کہ مہمان مسافروں کو چاہیے کہ مقررہ تاریخ پر سفر نہ کرنے کی خواہش پر بکنگ کو منسوخ کرا دیں اور سفر کی نئی تاریخ کا فوری تعین کریں۔