خانہ جنگی شروع ہونے جا رہی ہے، فرانسیسی فوجیوں کا میکرون کو دوسرا کھلا خط

خط پر دستخط کرنے والے گمنازم افراد میں ہمت نہیں،وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرامانن نے اس خط کوچال قراردیدیا

منگل 11 مئی 2021 13:05

خانہ جنگی شروع ہونے جا رہی ہے، فرانسیسی فوجیوں کا میکرون کو دوسرا کھلا ..
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2021ء) فرانسیسی فوجیوں کے ایک گروپ نے ایک قدامت پسند میگزین میں ایک نیا کھلا خط شائع کیا ہے جس میں صدر ایمینوئیل میکرون کی جانب سے مسلمانوں کو دی گئی مراعات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ فرانس کی بقاخطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔ادھرصدر آمینوئیل میکرون کے قریبی اتحادی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرامانن نے اس خط کوچال قرار دیتے ہوئے اس خط پر دستخط کرنے والے گمنازم افراد پر ہمت نہ ہونے کا الزام عائد کیاہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مٹھی بھر افسران اور تقریبا 20 نیم ریٹائرڈ جرنیلوں کے دستخط کے حامل خط نے فرانس میں ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا اور فرانسیسی وزیر اعظم نے اسے ناقابل قبول مداخلت قرار دیا تھا اور فرانس کے اعلی جنرل نے اس میں ملوث عناصر کو سزا دینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ واضح نہیں ہے کہ موجودہ خط پر کتنے افراد نے دستخط کیے ہیں اور ان کے عہدے کیا ہیں۔

پچھلے خط کے برعکس اس کھلے خط پر عوام بھی دستخط کر سکتے ہیں اور والیرس ایکچوئلز کے مطابق 93ہزار افراد اس پر دستخط کر چکے ہیں۔خط میں میکرون اور کابینہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم آپ کے مینڈیٹ میں توسیع کرنے یا دوسروں کو فتح کرنے کی بات نہیں کر رہے، ہم اپنے اور آپ کے ملک کی بقا کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔خط تحریر کرنے والے فوج کی نوجوان نسل کے ایک سرگرم ڈیوٹی فوجی کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس اسلام ازم کو ختم کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جس کو آپ نے ہماری سرزمین پر مراعات دی ہیں۔

انہوں نے 2015 میں دہشت گرد حملوں کی لہر کے بعد فرانس میں شروع ہونے والے سینٹینیل سیکیورٹی آپریشن میں بھی حصہ لینے کا دعوی کیا۔انہوں نے مشاہدہ کیا کہ کچھ مذہبی طبقوں کے لیے فرانس کا مطلب طنز، توہین اور نفرت کے جذبے کے سوا کچھ نہیں ہے۔اس میں مزید کہا گیا اگر خانہ جنگی شروع ہو جاتی ہے تو فوج اپنی ہی سرزمین پر نظم و ضبط برقرار رکھے گی، فرانس میں خانہ جنگی شروع ہو رہی ہے اور آپ اس بات کو بخوبی جانتے ہو۔یہ خط 2022 ایک ایسے موقع پر آیا ہے کہ جب میکرون کے مقابلے میں ممکنہ طور پر دائیں بازو کے رہنما میرین لی پین ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :