متحدہ عرب امارات میں سینکڑوں کلوگرام منشیات پکڑی گئی

ملزمان نے منشیات اسمگلنگ کے لیے عید کے دنوں کا انتخاب کیا تھا، مگر مستعد پولیس نے ان کی چالاکی ناکام بنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 مئی 2021 17:29

متحدہ عرب امارات میں سینکڑوں کلوگرام منشیات پکڑی گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی2021ء) یو اے ای میں منشیات فروشوں کا بڑا گینگ پکڑا گیا ہے۔ ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے اس گینگ کے 7 ارکان سے 115 کلو گرام منشیات اور 51 ہزار نشہ آور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ دُبئی پولیس کے مطابق منشیات کی یہ بڑی کھیپ سمندر کے راستے سے شارجہ کی بندرگاہ تک لائی گئی تھی جس کے بعد اسے امارات میں فروخت کیا جانا تھا۔

تاہم پولیس کے مستعد عملے نے عید کے دنوں کی تعطیلات میں اس گینگ کو گرفتار کر لیا۔ شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جان بوجھ کر عید کی چھٹیوں میں یہ منشیات امارات اسمگل کرنے کا پلان بنایا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ عید کی لمبی تعطیلات کے دنوں میں پولیس کی نگرانی اور نفری کم ہو گی، جس کی وجہ سے وہ کم سے کم چیکنگ کے گھیرے میں آ سکیں گے۔

(جاری ہے)

تاہم ان کا یہ خیال غلط ثابت ہوا۔ پولیس کے مطابق کسی شخص نے مخبری کی تھی کہ عید کی تعطیلات کے دوران شارجہ کی بندرگاہ کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس گینگ کے امارات میں مقیم کارندے یہ منشیات وصول کرنے کے بعد مختلف ریاستوں میں فروخت کرنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد شارجہ پولیس کا نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ خبردار ہو گیا۔

جونہی یہ کھیپ شارجہ پہنچی تو پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 115.7 کلوگرام منشیات کے علاوہ 51,790 نشہ آور گولیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ماجد العصام نے بتایا کہ شارجہ پولیس نے عید کی تعطیلات میں اپنی ساری تفریح قربان کر کے ان ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ منشیات کی کھیپ پہنچنے سے پہلے ہی ملزمان کی نگرانی شروع کر دی گئی تھی۔ اس مقصد کے لیے کوسٹل پروٹیکشن ایجنسی اور دیگر سرکاری محکموں سے اشتراک کیا گیا۔ انہوں نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے ارد گرد مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی اطلاع 8004654 پر دیں، اس کے علاوہ [email protected] پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :