شہر کی 274 یونین کونسلز کے سیکرٹریز کی ہڑتال کا چوتھا روز

دفاتر کی تالا بندی سے برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس کا اجرا بدستور بند، شہری سرٹیفکیٹس کیلئے خوار ہو گئے

جمعہ 11 جون 2021 23:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) شہر کی 274 یونین کونسلز کے سیکرٹریز کی ہڑتال کا چوتھا روز، دفاتر کی تالا بندی سے برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس کا اجرا بدستور بند، شہری بنیادی نوعیت کے سرٹیفکیٹس کیلئے خوار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شہر کی 274 یونین کونسل کے سیکرٹریز نے فیلڈ دفاتر کی تالہ بندی کرکے ٹائون ہال میں احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

شہری برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹ کیلئے روزانہ دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں لیکن کوئی نہیں جو ان کی بات سنے۔دوسری جانب مظاہرین بضد ہیں کہ بلدیاتی ایکٹ 2019 کے برعکس نوٹیفکیشن منسوخ ہونے تک ان کا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔مظاہرین سے یکجہتی کیلئے لارڈ میئر بھی پہنچے،ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مظاہرین احتجاج کے دوران مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کرتے رہے۔یوسی سیکریٹریز کے احتجاج نے شہریوں کو بنیادی نوعیت کے سرٹیفکیٹس سے محروم کردیاجبکہ مظاہرین نے مطالبہ کیاہے کہ غیر قانونی نوٹیفکیشن واپس لے لیاجائے تو فوری احتجاج ختم کردیں گے۔