راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی،24 گھنٹوں میں ڈکیتی کی واردات ٹریس، 02 ملزمان گرفتار، چھینی گئی رقم برآمد

ہفتہ 12 جون 2021 19:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) راولپنڈی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئی24 گھنٹوں میں ڈکیتی کی واردات ٹریس کر کے 02 ملزمان گرفتارکر لیے اور چھینی گئی رقم 70 لاکھ روپے برآمدکر لیے،برآمد ہونے والی رقم سی پی او آفس راولپنڈی میں مدعی مقدمہ کے حوالے کی گئی، تاجروں نے پولیس کی کارکردگی پر سی پی اومحمد احسن یونس اور راولپنڈی پولیس کوخراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کی جانب سے سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کاسلسلہ جاری ہے،راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی کی واردات کو 24 گھنٹوں میں ٹریس کرکے 02 ملزمان گرفتارکرلیا، ملزمان سے چھینی گئی رقم 70 لاکھ روپے برآمدکر لی گئی،برآمد ہونے والی رقم سی پی او آفس راولپنڈی میں مدعی مقدمہ کے حوالے کی گئی،سی پی او محمد احسن یونس اور ایس پی پوٹھوہار تصور اقبال کی موجودگی میں ایس ایچ او کینٹ اعزاز عظیم نے برآمد کی گئی رقم 70لاکھ روپے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کی،تاجروں نے پولیس کی کارکردگی پر سی پی اومحمد احسن یونس اور راولپنڈی پولیس کوخراج تحسین پیش کیا، ملزمان سنگاپور پلازہ کے قریب تاجر سے 70 لاکھ سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے تھے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او محمد احسن یونس سینئر افسران کے ساتھ موقعہ پر پہنچے، ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے لئے ماہر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں،سی پی او سمیت سینئر پولیس افسران تفتیش کی نگرانی کرتے رہے،کینٹ پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے 02 ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا اور 70 لاکھ روپے برآمد کر لیے،واردات کے دوران استعمال ہونے والا موٹرسائیکل ہنڈا 125اور اسلحہ معہ ایمونیشن بھی برآمدکرلیاگیا،ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوایا جائے گا،سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے 24 گھنٹے سے قلیل وقت میں ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ رقم کی برآمدگی پرایس پی پوٹھوہاراور کینٹ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے،ہم شہر کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو۔