بڑے بھائی نے جمع پونجھی بھائی کے گھر پر لگا دی،حالات ٹھیک ہوتے ہی چھوٹے بھائی نے نئی گاڑی خرید کر سرپرائز کر دیا

’اتفاق میں برکت ہے‘ چار بھائیوں کی لازوال محبت نے ثابت کر دیا،بڑے بھائی کو زبردست سرپرائز دینے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، دیکھنے والے بھی آبدیدہ ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 جون 2021 14:15

بڑے بھائی نے جمع پونجھی بھائی کے گھر پر لگا دی،حالات ٹھیک ہوتے ہی چھوٹے ..
لاہور (اُردو پوائںٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2021ء) : گذشتہ دو روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں چھوٹا بھائی اپنے بڑے بھائی کو گاڑی خرید کر دیتا ہے،وہ انہیں آنکھوں پر پٹی باندھ کر لاتا ہے،چھوٹے بھائی کی جانب سے زبردست سرپرائز پا کر بڑے بھائی کی آنکھیں بھیگ جاتی ہے۔مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ساتھ چھا گئی اور لوگ یہ کہنے پر مجبور ہو گئے کہ واقعی رشتوں میں مٹھاس اب بھی باقی ہے اور خون کے رشتوں کے لیے قربانی آج بھی دی جاتی ہے۔

شاہد عمر نامی شہری نے اردو پوائنٹ کے پروگرام میں اینکر فرخ شہباز وڑائچ کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ میں نیا گھر بنا رہا تھا تو اس دوران مجھے پیسوں کی ضرورت پڑی۔بھائی کا کمرشل ٹرانسپورٹ کا بزنس تھا،لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار بند تھا تو انہوں نے گاڑیاں بیچ کر پیسہ میرے گھر پر لگا دیا۔

(جاری ہے)

لاک ڈاؤن کی وجہ سے اُن کا کاروبار بھی نہیں چل رہا تھا۔

اللہ نے مجھے ہمت دی تو میں بڑے بھائی کے لیے نئی گاڑی خرید لایا،بھائی کو سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا لیکن اندازہ نہیں تھا کہ ویڈیو وائرل ہو جائے گی،ہم چاروں بھائی اکٹھے رہتے ہیں اور ہمارا ایک ہی کچن ہے۔تینوں چھوٹے بھائیوں نے بڑے بھائی کو سرپرائز دینے کا منصوبہ بنایا۔میں انکے لیے گاڑی لایا اور بھائی کی آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر باہر لے گیا۔

وہ ایک یادگار لمحہ بن گیا کہ میں نے ایسا سوچا ہی نہیں تھا۔خاندان کے تمام افراد اس موقع پر جذباتی ہو گئے۔یہ سب میری ماں کی دعائیں ہیں جو میں بھائی کے لیے یہ سب کرنے میں کامیاب ہوا۔میری ویڈیو کو لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ویڈیو پر منفی ردِعمل نہیں دیکھا بلکہ 99 فیصد لوگوں نے اچھا ردِعمل دیتے ہوئے ہمیں دعائیں دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں پوری ویڈیو اپلوڈ کرتا تو مجھے سو فیصد یقین ہے کہ کوئی بھی شخص وہ ویڈیو دیکھ کر روئے بغیر نہ رہ سکتا۔

شاہد عمر کے بڑے بھائی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھائیوں کی ایک دوسرے میں جان ہے، میری سوچ سے بھی بڑھ کر مجھے سرپرائز دیا گیا ہے۔انہوں نے لوگوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اتفاق میں برکت ہے۔مزید کیا کہا ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے :