’کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں‘ وزیرصحت پنجاب نے وضاحت جاری کردی

ویکسین تاخیر سے پہنچے تو شور مچانا شروع کر دیا جاتا ہے، معمولی تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جون 2021 15:23

’کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں‘ وزیرصحت پنجاب نے وضاحت جاری کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2021ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے وضاحت جاری کی ہے کہ کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے ، ہمارے پاس ڈوزز موجود ہیں، معمولی تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ویکسین تاخیر سے پہنچے تو شور مچانا شروع کر دیا جاتا ہے، اس وقت 25 ہزار ڈوز موجود ہیں جب کہ ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ڈوز لگتی ہیں، ہمارے پاس ویکسین کی کوئی کمی نہیں، ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد بہت بڑھ چکی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے ویکسین موجود ہے، اس وقت 57 سے زائد موبائل ویکسی نیشن سنٹرز بھی فعال ہیں، کچھ لوگوں کا اصرار ہے کہ باہر جانا ہے، اس لیے انہیں ایسٹرازینیکا لگائی جائے، ایسے تمام افراد کے لیے کل سے ایسٹرا زینیکا لگانی شروع کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا ویکسین ختم ہو گئی ہے ، جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں کل سے کورونا ویکسین ختم ہے جس کی وجہ سے ویکیسن نیشن کا عمل بھی دو روز سے معطل ہے ، ای پی آئی انتظامیہ کے مطابق ویکسین کی 20 ہزار ڈوزز آج آنے کا امکان ہے ، کورونا ویکسین ختم ہونے سے لاہور کے ایکسپو سنٹر کے باہر شہریوں کا رش ہے جس کی وجہ سے سیکیورٹی گارڈز دروازے سے ہی شہریوں کو واپس بھیج رہے ہیں ، شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ نادرا کا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہونے والا ہے جس کی وجہ سے سسٹم بند ہے لہذا دو روز بعد ایکسپو سنٹر میں ویکسین لگائی جائے گی ، ذرائع کے مطابق پنجاب کے دوسرے شہروں میں بھی ویکسین کا تین روز کا اسٹاک رہ گیا ہے اور محکمہ صحت پنجاب نے مزید ویکسینیشن کی ڈیمانڈ کر دی ہے۔