شاہین شاہ آفریدی اور سرفراز احمد کی نوک جھونک، شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا پر سرگرم

کچھ صارفین سرفراز احمد کے حمایتی ہیں جبکہ کچھ شاہین آفریدی کے بولنگ کرواتے وقت جارحانہ مزاج کی حمایت کررہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 جون 2021 12:16

شاہین شاہ آفریدی اور سرفراز احمد کی نوک جھونک، شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جون 2021ء ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد اور لاہور کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی کے درمیان نوک جھونک پر سوشل میڈیا پر شائقین بھی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں،کچھ صارفین سرفراز احمد کے حمایتی ہیں جب کہ کچھ شاہین آفریدی کے بولنگ کرواتے وقت جارحانہ مزاج کی حمایت کررہے ہیں۔

ابوظہبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر شاہین آفریدی نے 147 کلومیٹر گھنٹہ فی رفتار کی باؤنسر کروائی جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر لگی۔ سرفراز اس گیند پر صرف ایک رن بنا سکے ، رن بنانے کے بعد دوسرے اینڈ پر پہنچنے کے بعد وہ شاہین آفریدی سے کچھ کہتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔

(جاری ہے)

کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ سرفراز نے ضرور شاہین کو پُرسکون رہنے کا کہا ہوگا۔

سرفراز احمد کی بات پر شاہین آفریدی نے بھی آگے سے غصے میں کچھ کہا تاہم فیلڈ میں موجود کھلاڑیوں اور امپائرز نے معاملہ ختم کروایا۔
یہ معاملہ گراؤنڈ میں تو رفع دفع ہوگیا اور اننگز کے اختتام پر شاہین آفریدی نے بات کرتے ہوئے اس معاملے کو زیادہ بڑھاوا نہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ سب کھیل کا حصہ ہے، میں نہیں چاہتا مجھے کوئی چوکا مارے‘،
سوشل میڈیا پر اس بحث میں حصہ لینے والوں کی رائے دونوں کھلاڑیوں کی حمایت میں سامنےآئی، کچھ شائقین سرفراز کے ساتھ کھڑے دکھائی دیئے جب کہ کچھ نے شاہین آفریدی کے جارحانہ مزاج کی حمایت کی ، کچھ سوشل میڈیا صارفین نے محض میمز کے ذریعے اس بحث میں حصہ لیا۔