تیسری ٹورڈی خنجراب سائیکل ریس کے لئے بلوچستان سائیکلنگ ٹیم کا انتخاب ٹرائلز کے ذریعے کیا جائے گا،جان عالم

بدھ 16 جون 2021 12:46

تیسری ٹورڈی خنجراب سائیکل ریس  کے لئے بلوچستان  سائیکلنگ  ٹیم  کا انتخاب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2021ء) بلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جان عالم  نے کہا ہے کہ   تیسری ٹورڈی خنجراب سائیکل ریس  کے لئے بلوچستان  سائیکلنگ  ٹیم  کا انتخاب ٹرائلز کے ذریعے کیا جائے گا اور ٹیم کے لئے چھ مرد  اور چار خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، گذشتہ روزبلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس  منعقد ہوا جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر ایاز خان نے کی، اجلاس میں تیسری ٹورڈی خنجراب سائیکل ریس 2021 کیلئےبلوچستان کے کھلاڑیوں کے انتخاب اور دیگر معاملات پر تفصیلاً غور و خوص ہوا، بلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جان عالم نے اس موقع پر کہا کہ ان کی سیکرٹری کھیل حکومت بلوچستان عمران گچکی سے اس حوالے سے ملاقات ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہمیں یقین دہانی کراوئی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ جان عالم نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ٹریننگ جاری رکھیں۔ ٹرائلزمیں ابھی وقت ہے، بلوچستان کی ٹیم کے لئے چھ مرد کھلاڑیوں اور چار خواتین کھلاڑیوں کی سلیکشن کی جائے گی ۔ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس کا آغاز 12جولائی سے ہوگاجو کہ 16جولائی تک جاری رہے گا۔

اس سائیکل ریس میں صرف وہی کھلاڑیوں شرکت کر سکیں گے جنہوں نے کورونا ویکسینیشن کرائی  ہو گی اور جن کے پاس پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ یو سی آئی کارڈ ہوگا یا جنہوں نے یو سی آئی کارڈ کے لئے فارم جمع کئے ہیں کیونکہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے پابندی عائد کی ہے کہ جن کے پاس یو سی آئی کارڈ نہیں ہوں گے اور  جنہوں نے کورونا ویکسی نیشن نہیں کی ہو گی وہ اس ریس میں شرکت نہیں کر سکتے۔ لہذا تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ فوراً اپنے یو سی آئی فارم جمع کروا دیں اور ویکسینیشن کروا لیں بصورت دیگر وہ اس سائیکل ریس میں شرکت سے محروم رہیں گے، اگر کھلاڑیوں کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو فوراً  ایسوسی ایشن سے رابط کریں تاکہ ان کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔