پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہوگئی

حکومت نے بیرون ملک سفر کے لیے ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک پر سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 17 جون 2021 19:12

پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہوگئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 17جون 2021) پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہوگئی، حکومت کا ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک پر بھی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے بیرون ملک جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ایک اچھی خبر سنا دی ہے، حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب ایسٹرازینیکا ویکسین کی ایک خوراک لگانے والے افراد بھی بیرون ملک جا سکیں گے۔

اکثر شہری ویکسین کی پہلی خوراک لیے بیٹھے ہیں لیکن بیرون سفر کے لیے ‘ویکسینیشن سرٹیفکیٹ’ کی شرط کے باعث سفر نہیں کرسکتے کیوں کہ ویکسین کی مکمل دونوں ڈوز کے بعد ہی سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوتا ہے لیکن اب یہ مسئلہ حل ہوگیا، ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی خوراک لیتے ہی سرٹیفکیٹ ملے گا۔

(جاری ہے)

حکومت نے بیرون ملک سفر کے لیے ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک پر سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت سجاد شاہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کے بیرون سفر میں پریشانیاں پیش نہ آئیں اس لیے کورونا ویکسین کا جزوی سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا نے بھی پہلی خوراک پر ہی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سفر کے خواہش مند مسافروں کو اب دوسری ڈوز اور سرٹیفکیٹ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، سفری دستاویزات مکمل ہونے پر جزوی سرٹیفکیٹ دے دیا جائے گا۔

وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پہلی ڈوز لینے پر انہیں ایسٹرازینیکا ویکسینیشن سینٹر سے ہی جزوی سرٹیفکیٹ ملے گا، نادرا پر اندراج کرانے یا دیگر مراکز پر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔سجاد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کے بعد سرٹیفکیٹ دکھا کر کہیں سے بھی ویکسین کی دوسری خوراک لی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کے سفری مسائل حل کرنے کے لیے ایسٹرا زینیکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے مردوں کو لگانے کی اجازت دی ہے۔

متعلقہ عنوان :